1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سرخ لباس: مرد پہنے، خواتین پسند کریں

8 اگست 2010

سماجیات کے ماہرین نے تازہ ریسرچ کے بعد انکشاف کیا ہے کہ مردوں پر سرخ رنگت کے پہناوے خواتین کو بہت زیادہ لبھانے کے علاوہ کشش کا باعث ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OeiL
تصویر: AP

جو مرد ، خواتین کی توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں اب سرخ رنگ کا لباس زیب تن کرنا چاہئے۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق دیگر رنگوں کے مقابلے میں سرخ رنگ میں ملبوس مرد حضرات، جنس مخالف کو اپنی طرف زیادہ متوجہ کرتے ہیں۔

تجرباتی نفسیات کے جریدے میں شائع ہونے والی اس نئی تحقیق کے مطابق امریکہ، انگلینڈ، جرمنی اور چین کی خواتین نے کہا ہے کہ دیگر رنگوں کے مقابلے میں سرخ رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے مردوں کی تصویریں، انہیں جنسی طور پر زیادہ دلکش محسوس ہوتی ہیں۔

امریکی شہر نیویارک کےعلاقے روچیسٹرمیں واقع اسی نام کی یونیورسٹی سے وابستہ سماجی و نفسیاتی مضامین سے وابستہ ماہر تحقیقی ٹیم کے رکن اینڈریو ایلیٹ نے کہا ہے کہ اس تحقیق سے قبل یہ سمجھا جاتا تھا کہ سرخ رنگ صرف خواتین کی جنسی کشش کو ہی بڑھاتا ہے، ’’ ہماری تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ سرخ رنگ سے جو جنسی دلکشی جڑی ہوئی ہے، اس کا اطلاق مرد حضرات پر بھی ہوتا ہے۔‘‘ ایلیٹ کا مزید کہنا ہے کہ نرچیمپینزی بھی اپنی مادہ کے حصول کی جدو جہد کے دوران ایک مقابلے سے گزرتا ہے اور اس مقابلے کے دوران اس کا انتہائی سرخ ہونا کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔ جتنا وہ سرخ ہوتا ہے اتنا ہی وہ مادہ چیمپینزی کے گروپ میں پسند کیا جاتا ہے۔

Anonymes Bild zum Thema Schminken
کہتے ہیں کہ خواتین پر سرخ رنگ کھلتا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

روچیسٹر یونیورسٹی کے محققین کا خیال ہے کہ مردوں میں سادے کپڑوں میں بھی سرخ رنگ کی ٹائی ان کی شخصیت کو بہتر بناتی ہے اور اس سے ان کے رویے میں بھی مثبت تبدیلی پیدا ہونے کا غالب امکان ہوتا ہے۔ ریسرچ کے مطابق سرخ رنگ حقیقت میں ایک مرد کے اندر اعتماد کو بڑھاتا ہے اور کاروباری مذاکرات میں وہ زیادہ پراعتماد دکھائی دے سکتا ہے۔

اس نئی تحقیق میں دو مرحلوں میں کل سات تجربات کئے گئے۔ ہر مرحلے میں دو گروپ بنائے گئے اور ہر گروپ میں انیس تا بائیس سال کی عمر کے بیس تا ستاون افراد کو رکھا گیا۔ خواتین نے ہر تجربے میں حصہ لیا جبکہ مردوں کو کو صرف ایک کنٹرول گروپ میں ہی رکھا گیا۔

مختلف معاشروں اور ثقافتوں میں کی مختلف سماجی ترجیحات کے باوجود ایک بات صدیوں سے مشترک سمجھی جاتی ہے کہ سرخ رنگ صرف خواتین کے لئے ہی ہے اور اس رنگ کے استعمال سے وہ جنس مخالف کو اپنا دلدادہ بناتی ہیں۔ خواتین میں سرخ رنگ ہر دور میں’’اِن‘‘خیال کیا جاتا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں