1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سبز چائے پینے کا رجحان بڑھتا ہوا

7 جون 2011

دنیا بھر میں انسانوں میں چائے پینے کے رویے میں بڑی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ روایتی سیاہ چائے کی جگہ اب سبز چائے کی جانب عام لوگ بہت زیادہ راغب ہو رہے ہیں۔ یہ رجحان چائے کی صنعت میں انقلابی تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/11Vdr
تصویر: dpa - Report

دنیا بھر میں چائے کی انڈسٹری میں روایتی سیاہ چائے کی جگہ اب خوشبودار اور نامیاتی چائے پینے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سبز چائے کے اس غلبے کے تناظر میں مستقبل قریب میں خلیجی ریاست دبئی میں سبز چائے کے ٹی بیگ بنانے کا ایک پلانٹ قائم ہے اور منتظمین کا خیال ہے کہ کچھ سالوں کے بعد یہ اس نوعیت کا دنیا میں سب سے بڑا پلانٹ ہو گا۔

سبز چائے کا یہ پلانٹ دبئی کے جبل علی فری زون میں قائم ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس بڑے پلانٹ کے قریب ترین چائے کے پودے یا تو مشرقی افریقہ میں ہیں یا پھر جنوبی ایشیا میں اگتے ہیں۔

بین الاقوامی کمپنی یونی لیور کے اس پلانٹ پر تقریباً گیارہ لاکھ ٹی بیگ فی گھنٹہ کی بنیاد پر روزانہ تیار کیے جا رہے ہیں۔ رواں برس کے اختتام پر اس پلانٹ میں توسیع کا عمل شروع کیا جائے گا۔ توسیع کی تکمیل کے لیے چار سال کا عرصہ درکار ہو گا۔ اس توسیع کے بعد اس کی عظیم الشان ٹی بیگ پیکنگ پلانٹ کی پیداواری صلاحیت دوگنا کردی جائے گی۔ یونی لیور کے مطابق دنیا بھر میں چائے پینے کے شوقین حضرات کو انواع و اقسام کی خوشبودار اور نامیاتی چائے دستیاب ہو سکے گی۔ یہ امر اہم ہے کہ خوشبودار اور مصالحے والی چائے اب رواج پا چکی ہے۔ پاکستان اور بھارت میں صدیوں سے ایسی چائے کا رواج چلا آ رہا ہے ۔ پرانے وقتوں میں اسے قہوے کے نام سے پکارا جاتا تھا۔

Downtown Dubai - Burj Khalifa Flash-Galerie
دبئی کی عمارت برج الخلیفہتصویر: picture-alliance/ZB

چائے کی ہیت پر سند سمجھے جانے والے کوروش بھاروچا (Kurush Bharucha) کا کہنا ہے کہ پچیس سال قبل سبز چائے ایک کم معروف استعارہ تھا لیکن اب ہر گھر میں اس کا تذکرہ شروع ہو گیا ہے۔ بھاروچا کے مطابق مشرق وسطیٰ کے کئی ملکوں میں یہ خوشبودار سبز چائے بہت مقبول ہو چکی ہے۔ کوروش بھاروچا ملٹی نیشنل یونی لیور میں بطور ڈائریکٹر بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

سبز چائے کے رجحان کے حوالے سے کوروش بھاروچا کا یہ بھی کہنا ہے کہ انسانی بستیوں میں یہ تبدیلی خاص طور پر گزشتہ پانچ سالوں میں ظاہر ہونا شروع ہوئی تھی اور اب یہ فیشن کی صورت اختیار کرتے ہوئے بہت مقبول ہے اور خواتین خاص طور پر سبز چائے کو مرغوب رکھتی ہیں۔ بھاروچا کے مطابق سبز اور سیاہ چائے کی پسندیدگی کا انداز سرخ اور سفید وائن کی طرح ہے۔

ہیلتھ کے ماہرین کا بھی خیال ہے کہ سبز چائے کے اجزاء صحت کے لیے زیادہ مفید ہیں۔ چائے نوشی میں تبدیلی کے تناظر میں چائے پیدا کرنے والے ممالک بھی سبز چائے کی کاشت میں دلچسپیاں پیدا کر چکے ہیں۔ ان ملکوں میں سری لنکا پہل کر چکا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید