سام سانگ اسمارٹ فون کی وجہ سے جہاز خالی کرا لیا گیا
6 اکتوبر 2016اس واقعے کے بعد سام سنگ کے اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ سیون کی خرابی سے متعلق تحفظات ایک مرتبہ پھر بڑھ گئے ہیں۔ بیٹریوں کے ضرورت سے زیادہ گرم ہوجانے کے مسئلے کے باعث اس اسمارٹ فون کو واپس طلب کر لیا گیا تھا۔
جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ، ساؤتھ ویسٹ ایئرلائن یا امریکی فیڈرل ایوی ایشن سیفٹی کے حکام کی طرف سے یہ تفصیل نہیں بتائی گئی کہ سام سنگ کمپنی کا وہ کون سے ماڈل کا فون تھا جو اس پریشانی کی وجہ بنا۔ ان کی طرف سے میڈیا کو صرف یہی بتایا گیا کہ اس بارے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
تاہم انڈیانا سے تعلق رکھنے والی خاتون سارہ گرین نے لوئی وِل کے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ یہ ان کے خاوند کا گلیکسی نوٹ سیون تھا جس میں سے آوازیں آنے لگیں اور اس میں سے دھواں نکلنے لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا اُس وقت ہوا جب ان کے شوہر نے فون کو پرواز سے قبل بند کیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پر یس کے مطابق گرین نے اخبار کو بتایا کہ ان کے شوہر برائن کو واپس منگوائے گئے گلیکسی نوٹ سیون کی جگہ یہ فون دو ہفتے قبل ہی ملا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اُن کے شوہر نے انہیں یہ تفصیل کسی اور کے فون سے کال کر کے بتائی۔
گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹری میں مسائل کی 92 مختلف رپورٹس کے بعد سام سنگ کمپنی نے اس ماڈل کے تمام ٹیلی فون سیٹ واپس منگوانے کا فیصلہ کیا تھا۔ امریکا ہی سے ملنے والی ان رپورٹس میں سے 26 میں جلنے جبکہ 55 میں پراپرٹی کو نقصان کو رپورٹ کیا گیا۔ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی طرف سے غیر معمولی طور پر مسافروں کو متنبہ کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا کہ وہ پرواز کے دوران گلیکسی نوٹ سیون کو استعمال یا چارج نہ کریں اور نہ ہی دستی سامان میں اسے رکھیں۔