1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق امریکی صدر بل کلنٹن کا دورہِ شمالی کوریا

رپورٹ: میرا جمال، ادارت: امجد علی4 اگست 2009

سابق امریکی صدر بل کلنٹن آج اچانک دورے پر شمالی کوریا پہنچ گئے۔ ان کے اِس دورے کا مقصد شمالی کوریا میں قید دو امریکی صحافیوں کو ملک واپس لانا بتایا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/J3WA
تصویر: AP

پیانگ یانگ کی طرف سے جس پُر تپاک انداز میں کلنٹن کا استقبال کیا گیا ہے، اُس سے یہ امید کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی میں کچھ کمی دیکھنے میں آ سکتی ہے۔

شمالی کوریا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر نے آج مہمان ملک کے رہنما کم یونگ ال سے بھی ملاقات کی جس دوران مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔ امریکی حکومت کی جانب سے اس خبر کی تردید کی ہے جس میں بتایا جارہا تھا کہ بل کلنٹن نے ملاقات کے دوران کم یوننگ ال کو امریکی صدر باراک اوباما کا پیغام بھی دیا ہے۔

Nordkorea Kim Jong Il mit Flagge
شمالی کوریا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے شمالی کوریا کے رہنما کم یونگ ال سے ملاقات کی ہےتصویر: AP Graphics

اگرچہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے سابق صدر کی اچانک شمالی کوریا میں آمد کے بارے میں کوئی تفصیلات یا وضاحت سامنے نہیں آئی ہے، مگر شمالی کوریا میں 12 سال قید با مشقت کی سزا پانے والی دو امریکی صحافیوں کی رہائی کو اِس دَورےکی ایک اہم وجہ بتایا جا رہا ہے۔

پیانگ یانگ کی ایک عدالت نے جون میں دو امریکی صحافیوں کے خلاف مقدمے کا فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت نے کیلیفورنیا کے ایک ٹی وی چینل کے لئے کام کر رہی ان دو امریکی خواتین، لورا لنگ اور ایونا لی کو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کے الزام میں سزا سنائی تھی۔ کلنٹن کی اہلیہ اور امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے گزشتہ ماہ شمالی کوریا سے امریکی صحافیوں کے معاملے میں نرمی برتنے کی درخواست کی تھی مگر اس کے کوئی مثبت نتائج سامنے نہ آ سکے۔

Südkorea Nordkorea startet Rakete Fernsehn
شمالی کوریا کا جوہری پروگرام امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان تنازعے کی وجہ بنا ہوا ہےتصویر: AP

کیمونسٹ کوریا کے ایک خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بل کلنٹن کی ملک آمد کے ساتھ ہی دونوں صحافیوں کی رہائی کے لئے مذاکرات کا عمل شروع ہو جائے گا۔

سیاسی ماہرین سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے دَورہء شمالی کوریا کو امریکی صحافیوں کی رہائی کے علاوہ دونوں ممالک میں کئی ماہ سے جاری کشمکش کے خاتمے یا کم از کم اس میں تھوڑی کمی لانے کی ایک اہم کوشش قرار دے رہے ہیں۔ شمالی کوریا کی جانب سے مہینوں تک جاری رہنے والے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات اور اس سے متعلق طے کئے گئے معاہدوں کی خلاف ورزی کی وجہ سے گزشتہ کچھ ماہ سے دیگر ممالک بالخصوص امریکہ کے ساتھ اِس کمیونسٹ ملک کے تعلقات کافی خراب چلے آ رہے ہیں۔

شمالی کوریا کے ایک خبر رساں ادارے KCNA کے مطابق سابق امریکی صدر کا استقبال کرنے کے لئے موجود افراد میں شمالی کوریا کے ایٹمی امور کے مصالحت کار بھی شامل تھے۔ سیاسی ماہرین کا اندازہ ہے کہ پیانگ یانگ ان دو صحافیوں کی رہائی کے مسئلے کو واشنگٹن انتظامیہ سے رعایت کے حصول کے لئے استعمال کرے گا۔ مئی میں کئے گئے ایٹمی تجربات کے بعد سے امریکہ کے دباؤ کی وجہ سے اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر پابندیاں عائد کی تھیں۔