1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سائبیریا: شیر اور بکرے کی دوستی کے چرچے

امجد علی29 نومبر 2015

سائبیریا کے ایک نیشنل پارک میں رہنے والے شیر کو اپنی خوراک سے کچھ زیادہ ہی محبت ہو گئی ہے۔ اِس شیر نے ایک بکرے کے ساتھ دوستی کر لی ہے اور دونوں مزے سے پارک میں گھومتے پھرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1HEOF
Tiger im Allwetterzoo Münster
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ واقعہ بحرالکاہل کے ساحلوں پر واقع روسی بندرگاہی شہر ولادی ووسٹوک میں پیش آیا ہے۔

وہاں ایک روسی سفاری پارک Primorje کے پہریداروں نے اس طاقتور شیر ’آمور‘ کو ایک بکرا ’تیمور‘ خوراک کے طور پر پیش کیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ عام طور پر سائیبیریا کا یہ شیر ہفتے میں دو بار ایسے زندہ جانوروں کے شکار کا عادی ہوتا ہے، جن میں خرگوش اور بکریاں بھی شامل ہوتی ہیں تاہم اس بار اس نے ’تیمور‘ کو بخش دیا۔

اس کے بعد سے یہ غیر معمولی جوڑا اکٹھے اُس جنگل میں گھومتا پھرتا نظر آ رہا ہے، شیر آگے آگے، بکرا پیچھے پیچھے۔ (ویڈیو اس لنک کو کلک کر کے دیکھیں)۔

Amurtiger
عام طور پر سائیبیریا کا یہ شیر ہفتے میں دو بار ایسے زندہ جانوروں کے شکار کا عادی ہوتا ہے، جن میں خرگوش اور بکریاں بھی شامل ہوتی ہیںتصویر: Imago

چڑیا گھر کے ڈائریکٹر دیمتری میزینسیف نے اتوار اُنتیس نومبر کو بتایا کہ ’آئندہ سے آمور کو خوراک کے طور پر بکریاں پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔

ڈی پی اے نے روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کی صبح ان دونوں کو اکٹھے جنگل میں چھوڑا گیا اور دونوں حسبِ سابق اکٹھے اپنے مخصوص علاقے میں گھومتے پھرتے رہے۔

چڑیا گھر کے ڈائریکٹر کے مطابق ’دونوں ایسے دوست بن چکے ہیں، جنہیں ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا‘۔