1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’زیکا کی وجہ سے ریو اولمپک مقابلے مؤخر نہیں کیے جائیں گے‘

عاطف بلوچ28 مئی 2016

عالمی ادارہٴ صحت نے ایسے مطالبات مسترد کر دیے ہیں کہ برازیل میں زیکا وائرس کے خطرات کی وجہ سے ریو اولمپک مقابلوں کو مؤخر یا کہیں اور منتقل کر دیا جائے۔

https://p.dw.com/p/1IwPh
Anti-Moskito-Einsatz im Sambodrom Rio de Janeiro
تصویر: Getty Images/AFP/Ch. Simon

خبر رساں ادارے روئٹرز نے عالمی ادارہٴ صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ زیکا وائرس کے خطرات اتنے شدید نہیں ہیں کہ برازیل میں منعقد ہونے والے اولمپک مقابلوں کو مؤخر یا کہیں اور منتقل کر دیا جائے۔

ایک سو سے زائد عالمی سائنسدانوں نے زور دیا ہے کہ برازیل میں زیکا وائرس کے خطرات کے ہوتے ہوئے وہاں ان اہم کھیلوں کا انعقاد دراصل غیر اخلاقی ہو گا۔ ان سائنسدانوں نے اپنے ایک مشترکہ عوامی خط میں زور دیا ہے کہ اولمپک مقابلوں کے دوران زیکا کی بیماری کے پھیلنے کے امکانات بہت زیادہ ہوں گے۔

سائنسدانوں کے اس گروپ میں بہت سے بائیو کیمسٹ بھی شامل ہیں جبکہ ساتھ ہی پبلک ہیلتھ سے متعلق متعدد اہم اور نمایاں ماہرین بھی شامل ہیں۔ اسی خط کو جمعے کے دن عالمی ادارہٴ صحت کی سربراہ مارگریٹ چن کو بھی ارسال کیا گیا تھا، جس کے جواب میں انہوں نے ان مطالبات کو مسترد کر دیا۔

عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق خطرات ایسے نہیں کہ ان کے بارے میں پریشان ہوا جائے۔ زیکا وائرس کی وجہ سے ساٹھ ممالک متاثر ہو چکے ہیں، جن میں سے انتالیس امریکی براعظموں میں واقع ہیں۔

تاہم سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ریو اولمپک کے مختلف مقابلوں کو دیکھنے کے لیے کم ازکم پانچ لاکھ افراد اسٹیڈیمز کا رخ کریں گے۔ مختلف ممالک کے لوگ جب ان مقابلوں کے ختم ہونے کے بعد واپس اپنے اپنے وطن جائیں گے تو وہ اس وائرس کو بھی ساتھ لے جا سکتے ہیں۔

عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق البتہ برازیل میں اس وائرس کے پائے جانے کے باوجود وہاں جانے کے لیے کوئی سفری ہدایات جاری نہیں کی گئی ہیں اور لوگ کھلے عام اس ملک میں آ اور جا رہے ہیں۔

Brasilien Aedes aegypti mosquito - Forschung Zika Virus
عالمی ادارہٴ صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ زیکا وائرس کے خطرات اتنے شدید نہیں ہیں کہ برازیل میں منعقد ہونے والے اولمپک مقابلوں کو مؤخر یا کہیں اور منتقل کر دیا جائےتصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Dana

اس عالمی ایجنسی کے مطابق ان کھیلوں کے دوران اس وبا سے بچنے کا ممکنہ طور پر بہترین طریقہ یہی ہو گا کہ برازیل کا رخ کرنے والے افراد صحت سے متعلق ضروری ہدایات پر عملدرآمد کریں۔

عالمی ادارہٴ صحت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ حاملہ خواتین ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے نہ جائیں۔ یہ امر اہم ہے کہ اس وائرس کا زیادہ تعلق حاملہ خواتین سے ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ لوگ مچھروں کے خلاف اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ جسم فروشوں کے ساتھ جنسی عمل میں بھی محتاط رہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں