1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمبابوے وائٹ واش، یونس خان مین آف دی سیریز

15 ستمبر 2011

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے بدھ کو زمبابوے کو 28 رنز سے شکست دے کر یہ سیریز تین صفر سے اپنے نام کر لی۔ میچ کے بہترین کھلاڑی اعزاز چیمہ جبکہ سیریز کے بہترین کھلاڑی یونس خان قرار پائے۔

https://p.dw.com/p/12ZLY
اسٹار بلے باز یونس خانتصویر: AP

بدھ کو زمبابوے کے دارالحکومت میں ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 270 رنز بنائے۔ زمبابوے اس ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 242 رنز بنا سکا۔

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے کے اس آخری میچ میں پاکستان کی طرف سے یونس خان نے انتہائی عمدہ اننگز کھیلی۔ انہوں نے 90 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے۔ اس سیریز کے دوران عمدہ کارکردگی کے باعث انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کی طرف سے دوسرے کامیاب بلے باز اس سیریز میں پہلی مرتبہ جلوہ گر ہونے والے اسد شفیق رہے۔ انہوں نے 51 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں عمران فرحت نے37، محمد حفیظ نے 23 اور شعیب ملک نے  14رنز اسکور کیے۔ کپتان مصباح الحق 29 جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں پاکستانی ٹیم زمبابوے کو 271 رنز کا ایک قابل قبول ٹارگٹ دینے میں کامیاب ہوئی۔

Cricket Sri Lanka vs Pakistan
رواں برس کے دوران محمد حفیظ کی کارکردگی قابل ستائش ہےتصویر: picture alliance/dpa

جب میزبان ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے انتہائی عمدہ کارکردگی دکھائی اور پاکستانی بولرز کو پریشان کر دیا۔ سبانڈا اور Chibhabha نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز جوڑے۔ سبانڈا جب 59 کے انفرادی اسکور پر پہلا ون ڈے کھیلنے والے یاسر شاہ کی ایک اچھی گیند پر متبادل کھلاڑی عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے تو بعد ازاں پاکستانی بولرز نے اچھا ’کم بیک‘ کیا۔

زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر صرف چھ رنز بنا سکے جبکہ Chibhabha کے آؤٹ ہونے کے بعد زمبابوے کی کمزور بیٹنگ لائن ریت کا پہاڑ ثابت ہوئی اور کوئی بھی بلے باز نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔

پاکستان کی طرف سے اعزاز چیمہ نے چار وکٹیں حاصل کیں اور اس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پہلی مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے یاسر شاہ نے دو جبکہ شعیب ملک، محمد حفیظ اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 16 ستمبر کو ہرارے میں ہی کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں بھی کامیابی حاصل کر لی تھی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں