1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زلزلہ متاثرین کی مدد میں ٹیکنالوجی کا کردار

15 جنوری 2010

دُنیا بھرمیں ہیٹی کے زلزلہ زدگان کی مدد کرنے کے خواہشمند سمارٹ فون اور سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے قدرتی آفت سے تباہ حال ہیٹی کے حالات سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/LXKx
تصویر: AP
Facebook Twitter Logo

سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس مشکل ترین وقت میں مصیبت میں گھرے ہیٹی کے عوام کی مدد میں انتہائی معاون ثابت ہورہی ہے۔ صرف خدا ترس سخی پرورافراد ہی نہیں بلکہ امدادی ادارے بھی ہیٹی کے زلزلہ متاثرین کی مدد کرنے کے لئے سمارٹ فون، ٹویٹر، فیس بُک سمیت کئی اور جدید مواصلاتی ذرائع کا استعمال کررہے ہیں۔

Frühwarnkonferenz in Bonn Bill Clinton
سابق امریکی صدر بل کلنٹنتصویر: AP

ایسے ذرائع کی وساطت سے امدادی اداروں کو عطیات بھی بجھوائے جاسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر بین الاقوامی امدادی ادارے ریڈ کراس کی ویب سائٹ www.redcross.org پر کلک کرکے متاثرین کے لئےعطیات دینے کا کوئی بھی خواہش مند ایک پیغام کے ذریعے 90999 کے نمبر پر لفظ ہیٹی ٹائپ کر کے دس ڈالر کا عطیہ دے سکتا ہے۔

ٹھیک اسی طرح سابق امریکی صدر بل کلنٹن کی فلاحی تنظیم ’کلنٹن فاوٴنڈیشن نے بھی www.clintonfoundation.org/haitiearthquake کے نام سے ہیٹی کے مصیبت زدہ عوام کی مدد کے لئے ایک ویب سائٹ بنائی ہے، جہاں پیغام لکھنے کی جگہ پر ہیٹی لکھ کر20222 کے نمبر پردس ڈالر کا عطیہ دیا جا سکتا ہے۔

Haiti / Erdbeben / Port-au-Prince / G3
ہیٹی میں قیامت خیز زلزلے کے نتیجے میں تباہی کا ایک منظرتصویر: AP

جب کبھی کہیں قدرتی آفت آتی ہے تو دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ ایسے فریبی بھی میدان میں کود جاتے ہیں، جن کا مقصد صرف عوام کو جھانسا دیکر پیسے بٹورنا ہوتا ہے۔ ایسے افراد کئی سادہ لوح انسانوں کو ٹھگنے کے لئے راتوں رات کاغذی فلاحی و رفاہی تنظیمیں بھی تشکیل دیتے ہیں تاکہ پیسے بٹور کر اپنی جیبیں بھر سکیں۔

’دی امریکن ریڈ کراس‘، یونیسیف اور ڈاکٹر بغیر سرحد سمیت کئی ایسی بین الاقوامی اور علاقائی تنظمیں دنیا بھر میں کام کررہی ہیں، جو حقیقی معنوں میں دکھی انسانیت کی خدمت برسوں سے کررہی ہیں۔

عطیات دیتے وقت یہ خیال ضرور رکھا جانا چاہیے کہ یہ صحیح ہاتھوں کے ذریعے صحیح جگہ تک پہنچ رہے ہیں۔

رپورٹ: عبدالستار

ادارت: گوہر نذیر گیلانی