1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زلزلہ متاثرہ ہیٹی کے لئے خطیر امدادی رقوم کا اعلان

18 جنوری 2010

بحیرہء کیریبین میں واقع ملک ہیٹی کے زلزلہ متاثرین تک امداد پہنچانے کا کام شد ومد سے جاری ہے۔ یورپی یونین نے ہیٹی میں بچاوٴ اور راحت کارروائیوں کے لئے 420 ملین یورو کی خطیر امدادی رقوم دینے کا وعدہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/LYmc
تصویر: picture alliance / landov
Ban Ki Moon in Afghanistan
زلزلہ متاثرین تک امداد پہنچانا اہم ترجیح، بان کی مونتصویر: AP

اقوام متحدہ کی طرف سے عالمی برادری کو تسلسل کے ساتھ ہیٹی کے عوام اور زلزلہ زدگان کی ہنگامی مدد کے لئے اپیلیں کی جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا:’’ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ امداد اُن لوگوں تک پہنچ رہی ہے، جنہیں اس کی سخت اور فوری ضرورت ہے۔ ہم ایک منٹ بھی ضائع نہیں کر سکتے، ایک ڈالر نہیں، ایک انسانی جان بھی نہیں۔‘‘ بان کی مون نے ہیٹی کے متاثرہ عوام سے صبر و تحمل کی اپیل بھی کی ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے مدد کی اپیلیں کار آمد ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ یورپی یونین کی طرف سے جاری ایک بیان میں ہیٹی کی مدد کے لئے 420 ملین یورو دینے کی بات کہی گئی ہے۔ فرانس نے ہیٹی میں بچاوٴ اور راحت کارروائیوں کے لئے دس ملین یورو جبکہ چیک جمہوریہ کی عبوری حکومت نے بیس ملین کرونے دینے کا اعلان کیا ہے۔

Haiti Erdbeben Frankreich Hilfe Flash-Galerie
آگ بجھانے والا فرانسیسی عملہتصویر: AP

فرانس نے امدادی کاموں کے لئے پہلے ہی اپنے پانچ طیارے اور دو بحری جہاز ہیٹی روانہ کر رکھے ہیں جبکہ ڈھائی سو سے زائد فرانسیسی امدادی کارکن بھی اس زلزلہ متاثرہ ملک میں موجود ہیں۔

فرانسیسی وزیر خارجہ بیرنارڈ کوشنیر نے پیر کے روز کہا کہ قیامت خیز زلزلے سے متاثرہ ہیٹی میں تعمیر نو اور آباد کاری کے حوالے سے پچیس جنوری کو مانٹریال میں ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔کوشنیر نے ’فرانس انفو ریڈیو‘ کو بتایا:’’یہ کانفرنس ہیٹی کے زلزلہ زدگان کو ایک امید دے گی۔‘‘ امریکی صدر باراک اوباما نے جمعہ کو ہی مانٹریال کانفرنس میں واشنگٹن کی شرکت کی تصدیق کر دی تھی۔ ہیٹی کی گمبھیر صورتحال پر عالمی کانفرنس بلانے کی تجویز فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے پیش کی تھی۔

Flash-Galerie Erdbeben in Haiti
ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرانس میں لوگ ایک زخمی شخص کو اٹھاتے ہوئےتصویر: AP

دوسری جانب ہیٹی میں موجود امریکی سفیر کینیتھ میرٹن نے زلزلہ متاثرہ ملک کی سیکیورٹی صورتحال کو ’’ابتر‘‘ قرار دیا ہے۔ کینیتھ میرٹن نے نیوز چینل ’این بی سی‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ بھونچال سے مچی تباہی کے نتیجے میں ہیٹی کی پولیس فورس کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی فورسز کو بھی زبردست نقصان پہنچا ہے۔ امریکی سفیر نے مزید کہا کہ ہیٹی میں موجود امریکی فورسز سے ’بیک اپ آپشن‘ کے طور پر کام لیا جائے گا۔

سرکاری طور پر ہیٹی میں ہولناک زلزلے کے نتیجے میں تقریباً دو لاکھ افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ اتوار تک مارے گئے ستر ہزار سے زائد افراد اجتماعی قبروں میں دفنائے جا چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق بھونچال کے باعث اب تک تیس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ بے گھر افراد کی تعداد تین لاکھ کے قریب بنتی ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/ خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید