1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رچرڈ ہال بروک کا دورہ پاکستان

9 فروری 2009

ہال بروک دروے کے دوران اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جس میں سلامتی کے امور کو خاص اہمیت حاصل رہے گی۔

https://p.dw.com/p/Gq7D
امریکی صدر کے مندوب برائے پاکستان و افغانستان رچرڈ ہال بروکتصویر: picture-alliance/ dpa

پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی مندوب رچرڈ ہال بروک کو افغانستان اور پاکستان کے حوالے سے ایک ہمہ گیر حکمت عملی وضع کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ ان کے پاکستان کے دورے سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئی امریکی پالیسی کی بھی وضاحت کریں گے۔ رچرڈ ہال بروک کو امریکی سیاست میں تجربہ کار اور منجھے ہوئے سفارت کار کا درجہ حاصل ہے۔ انہوں نے بوسنیا کے امن معاہدے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ہال بروک 1977 سے 1981 تک ایشیا کے لئے اور 1994 سے 1996 تک یورپ کے لئے امریکی نائب وزیر خارجہ بھی رہ چکے ہیں۔

پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے مطابق اسلام آباد پہنچنے پرہال بروک نے کہا کہ وہ مشکلات میں گھرے ہوئے اس ملک کے زمینی حقائق سننے اورسمجھنے کے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل جرمن شہرمینونخ میں ہونے والی بین الاقوامی سلامتی کانفرنس میں بھی شرکت کی تھی ۔ کانفرنس سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ افغان مشن عراق سے زیادہ مشکل ثابت ہو گا اور امریکی اتحادیوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا وہ افغانستان میں اپنے تعاون میں اضافہ کریں۔

رچرڈ ہال بروک جرمن شہر میونخ میں ہونے والی سلامتی کانفرس میں شرکت کے بعد بھارت، پاکستان اور افغانستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ رچرڈ ہال بروک کے اس دورے کو ممبئی حملوں کے تناظر میں آج پیرہی کے روز پاکستان کی جانب سے ایک تحقیقاتی رپورٹ کے اجراء کے حوالے سے بھی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

رچرڈ ہال بروک اپنے اس دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وزیرخارجہ شاھ محمود قریشی اور پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل اشفاق کیانی سے ملاقاتیں کریں گے۔ دفترخارجہ کے ترجمان مطابق ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات اور سلامتی سے متعلق امور کو خاص اہمیت حاصل رہے گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان کو امید ہے کہ اوباما انتظامیہ کے ساتھ اس کے تعمیری بنیادوں پربہترتعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گا۔ ہال بروک امریکہ واپس پہنچ کر وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن کو دورے کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ امریکی صدر براک اوباما نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے صرف دو روز بعد ہی افغانستان اور پاکستان کے لیے رچرڈ ہال بروک کو اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کیا تھا۔ انہتر سالہ رچرڈ ہال بروک خارجہ امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ صحافی، مصنف، بیورو کریٹ اور بینکار بھی رہے ہیں۔ ان کا نام ایک سے زائد بار نوبل انعام کے لیے بھی نامزد کیا جا چکا ہے ۔