رچرڈ باؤچر ایک بار پھر پاکستان کے دورے پر
18 اکتوبر 2008رچرڈ باؤچر نے پاکستانی مشیرِ داخلہ رحمان ملک سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کی تفصیلات تو سرکاری طور پر سامنے نہیں آئی ہیں لیکن وزارتِ داخلہ کے زرائع کے مطابق ملاقات میں افغانستان سے ملحق پاکستان کے قبائلی علاقوں میں جاری فوجی کارروائی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآں اس ملاقات میں پاکستان میں امریکی شہریوں کے تحفظ اور پاکستانی صدر آصف زرداری کے حالیہ دورہِ چین ایسے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
بعد ازاں صدر زرداری کے دورہ ِچین کے بارے میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے رچرڈ باؤچر کی آمد کی وجہ دریافت کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کا دوست ہے اور رچرڈ باؤچر کا دورہ ِ پاکستان معمول کی بات ہے۔
پاکستان کے بعض مبصرین اس بات پر متفق دکھائی دیتے ہیں کہ نائب امریکی وزیرِ خارجہ رچرڈ باؤچر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینے ہی آئے ہیں۔ اس بارے میں تجزیہ نگار کامران شفیع کا کہنا ہے کہ باؤچر کے دورے کے مقصد کا اندازہ افوجِ پاکستان کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ کے اس دعوے کے تناظر میں بھی دیکھا جا سکتا ہے جس میں فوج نے صوبہِ سرحد اور قبائلی علاقوں سے ایک سو اڑسٹھ غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ کامران شفیع نے ڈائچے ویلے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’رچرڈ باؤچر شاید دیکھنا چاہتے ہوں کہ پاکستان میں کوئی کام ہو بھی رہا ہے کہ نہیں، کیوں کہ پاکستان میں مختلف نوعیت کے ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے کام کر رہے ہیں اور کچھ معلوم نہیں کہ کون کیا کر رہا ہے‘۔
مبصرین کی یہ رائے بھی ہے کہ افغانستان میں طالبان کے خلاف امریکی لائحہ عمل میں تبدیلی رونما ہو رہی ہے اور امریکہ بعض طالبان کے ساتھ بات چیت پر رضا مند ہے تاہم اس سلسلے میں پاکستان کی حمایت بھی درکار ہے۔