1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس نے Tu-154B طیارے گراؤنڈ کر دئے

3 جنوری 2011

روس میں ٹرانسپورٹ کے نگراں ادارے نے ملکی فضائی کمپنیوں سے کہا ہے کہ انہیں Tu-154Bطیارے گراؤنڈ کرنا ہوں گے۔ یہ اعلان سائبیریا میں اسی ماڈل کو پیش آنے والے ایک حادثے کے بعد کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/zsl6
تصویر: P

روس میں ٹرانسپورٹ کے سیفٹی قواعد کے نگران ادارے کا کہنا ہے کہ اس حادثے کا سبب پتہ چلنے تک Tu-154Bطیاروں پر پابندی برقرار رہے گی۔ یہ ماڈل سوویت دَور کے Tu-154طیارے کا ایک ورژن ہے، جو روس اور سابق سوویت یونین کے علاقائی ایئرروٹس پر وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ روس میں اس ماڈل کے 14 طیارے زیراستعمال ہیں۔

Tu-154ماڈل کے طیاروں کا استعمال 1970 کی دہائی میں شروع ہوا تھا، تاہم سلسلہ وار حادثات کے باعث ان کے استعمال پر تحفظات ظاہر کئے جاتے رہے۔

پولینڈ کے سابق صدر لیخ کاچنسکی گزشتہ برس روس کے مغربی علاقے میں اسی ماڈل کے ایک طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوئے تھے۔

روس کی قومی ایئرلائن ایروفلوٹ کے فلیٹ میں شامل Tu-154طیاروں کی تعداد 23 تھی۔ اس فضائی کمپنی نے گزشتہ برس جنوری میں ان تمام طیاروں کا استعمال بند کر دیا تھا۔

سائبیریا کے سُرگُٹ ایئرپورٹ سے ہفتہ کو پرواز کے لئے رن ون کی طرف بڑھتے ہوئے ایک طیارے میں آ گ لگ گئی تھی، جس کے بعد فوری پر طیارےسے مسافروں کو نکال لیا گیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ 43 زخمی ہوئے۔

روسی ایمرجنسی سروس کے مطابق طیارے کے ایک انجن میں اچانک آگ بڑھ اٹھی تھی۔ حکام نے بتایا کہ بعد میں ایک انجن زور دار دھماکے سے پھٹ گیا تھا، جس کے نتیجے میں طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا، تاہم اس وقت تک مسافروں کو جہاز سے نکالا جا چکا تھا۔ اس دھماکے کے بعد جہاز سے اٹھنے والے شعلے ایک سو مربع میٹر تک پھیل گئے تھے۔

Lech Kaczynski 2008 Flash-Galerie
پولینڈ کے سابق صدر لیخ کاچنسکی گزشتہ برس ایک طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوئےتصویر: AP

طیارے کے مسافروں میں میوزیکل بینڈ نا۔نا کے ارکان بھی شامل تھے۔ اس کے گلوکار Sergei Grigoriyev نے بعدازاں بتایا، ’طیارے میں کثیف اور کالا دھواں بھر گیا تھا، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ ایک دوسرے کے اوپر گرے پڑے تھے۔‘

اس میوزک بینڈ کے ایک دوسرے گلوکار ولادیمیر پولیٹوف نے بتایا کہ ان کے گروپ کے تمام ارکان جہاز کے ایک پَر کے قریب بنے ہنگامی اخراج سے باہر نکلے۔ انہوں نے بتایا کہ بینڈ کے تمام ارکان محفوظ رہے۔

یہ طیارہ سُرگُٹ ائیر پورٹ سے ماسکو کے لئے روانہ ہو رہا تھا، اور اس میں 124مسافر سوار تھے۔ سُرگُٹ میں تباہ ہونے والے طیارے کا ’بلیک باکس‘ مل گیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عاطف توقیر