1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس میں جرمن کارساز اداروں کی سرگرمیاں

14 ستمبر 2006

فولکس واگن نے روس میں اپنا پہلا پیداواری یونٹ تعمیر کرنے کے معاہدے پر دستخط مئی کے مہینے کے آخر میں کئے تھے۔ اب ماسکو سے 160کلومیٹر جنوب مغرب کی طرفKaluga کے مقام پر یہ فیکٹری تعمیر کرنے کی تیاریاںشروع ہو چکی ہیں۔

https://p.dw.com/p/DYJk
تصویر: AP

اس منصوبے کے تحت فولکس واگن کا ادارہ روس میں 370 ملین یورو کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ رقم روس میں سرمایہ کاری کرنے والے کسی بھی دوسرے مغربی کارساز ادارے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ کالُوگا میں فولکس واگن کے پولو اور سکوڈا کے اوکٹاویا نامی ماڈل کی گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔

روس میں فولکس واگن کے ایک ذیلی ادارے Audi کی کاروباری دلچسپی بھی قابل ذکر ہے۔ روس میں آﺅڈی کی کاروباری سرگرمیوںکے نگران Till Braunerکہتے ہیں: "ہم اس وقت ایک ایسے مطالعاتی جائزے میں مصروف ہیں جس کا مقصد یہ پتہ چلانا ہے کہ آیا روس میں Audiکو بھی یہی فیصلہ کرناچاہیے اور یہ کہ ایسا کس طرح کی شرائط کے تحت ہو سکے گا۔"

سال رواں کی پہلی ششماہی میں روس میں Audiکی آمدنی میں 50 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیااور اس کار ساز ادارے کی خواہش ہے کہ روس میں اس کی مختلف ماڈلز کی موٹر گاڑیوںکی فروخت کا سالانہ حجم دس ہزار سے زائد ہو جائے۔ یہی نہیں Audiکا ایک اہم ہدف یہ بھی ہے کہ روس میں وہ اپنی جدید اور مہنگی کاریں فروخت کرنے والاسب سے کامیاب ادارہ بن جائے۔ Till Braunerکہتے ہیں: "ان میں سے نہ صرف A3، A4 ا ور A6 ماڈلز کی تیاری واقعی پرکشش معلوم ہوتی ہے بلکہ وہاں شائد A8 ماڈل کی Audi گاڑیاں بھی تیار کی جاسکتی ہیں۔"

Audi ہی کی طرح فولکس واگن کا ایک اور ذیلی ادارہ Skoda بھی کالُوگا میں Octavia کے علاوہ دیگر ماڈلز کی گاڑیاں بھی تیار کرنا چاہتا ہے۔ مثلاًزیادہ تر شہروں میں استعمال کیا جانے والا سکوڈا کا Fabia نامی کم قیمت ماڈل۔ روس میں فولکس واگن کی کاروباری سرگرمیوں کے نگران Hans-Dieter Keller کہتے ہیں کہ فی الحال یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ ان کے ادارے یا فولکس واگن کی ذیلی کمپنیوں کے پولو کے علاوہ کون کون سے ماڈل آئندہ روس میں تیار کئے جائیں گے۔ وہ کہتے ہیں: "پہلے ہم پوری توجہ کے ساتھ کالُوگا میں فولکس واگن کا پیداواری یونٹ تیار کریں گے۔ پھر ہم غور کریں گے کہ ہم وہاں کون کون سے ماڈل کی گاڑیاں تیار کرسکتے ہیں۔ اس دوران ہم روس میں موٹر گاڑیوں کی صنعت اور کاروباری منڈی میں تازہ ترین رحجانات پر بھی پوری نظر رکھیں گے۔"

روس میں آئندہ مقامی طور پر تیار کردہ فولکس واگن پولو طرز کی گاڑیوں کی فی کس قیمت تقریباً دس ہزار یورو ہو گی۔ یہ قیمت اس لئے بہت پر کشش معلوم ہوتی ہے کہ روس میں عام صارفین کو آج روسی طرز کی Lada گاڑیوں کے لئے بھی اتنی ہی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ لیکن فرق یہ ہے کہ لاڈا گاڑیاںعموماً اپنی مضبوطی اور کارکرگی میں ناقابل اعتماد سمجھی جاتی ہیں جبکہ جرمن گاڑیوں کوان کی معیاری اور دیرپا کارکردگی کی وجہ سے بہت پسند کیا جاتا ہے۔

اس کے باوجود اس جرمن ادارے کو روسی منڈیوں میں اپنی جگہ بنانے کے لئے بہت محنت کرناہوگی کیونکہ وہ روس میں گاڑیاں تیار کرنے والا واحد غیر ملکی ادارہ نہیں ہوگا۔ فورڈ کمپنی تو 2002 سے سینٹ پیٹرزبرگ کے نواح میں اپنی فوکس ماڈل کی گاڑیاں تیار کررہی ہے اور مستقبل میں وہاں ٹویوٹا، نسّان اور جنرل موٹرز بھی اپنے پیداواری یونٹ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ اس تبدیلی میں ماسکو حکومت کی طرف سے محصولات میں چھوٹ کے وعدوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

فولکس واگن کاا دارہ روس میں اپنے پیداواری یونٹ کی تکمیل پراتنی تیز رفتاری سے کام کر رہا ہے کہ وہاں تیار کی جانے والی اولین کاریں اسی سال روسی منڈیوں میں پہنچنا شروع ہو جائیں گی۔ اس جرمن ادارے نے فی الحال اپنے لئے یہ ہدف مقرر کیا ہے کہ اس وقت اگر پورے روس میں اس کی تیار کردہ تقریباً 40 ہزار موٹر گاڑیاں فروخت ہوتی ہیں تو آئندہ چاریا پانچ برسوں میں یہی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار ہو جانا چاہیے۔