1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس فضائی حدود کی خلاف ورزی سے باز رہے، انقرہ کا انتباہ

عدنان اسحاق5 اکتوبر 2015

ترکی نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر احتجاج کرنے کے لیے روسی سفارت کار کو طلب کر لیا ہے۔ انقرہ ذرائع کے مطابق روسی جنگی طیارے شامی سرحد کے قریب ترکی کی حدود میں داخل ہوئے تھے۔

https://p.dw.com/p/1GiqX
تصویر: Reuters/Kai Pfaffenbach

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ترک وزارت خارجہ نے روسی سفیر کو وزارت خارجہ بلا کر کہا کہ مستقبل میں اس طرح کوئی خلاف ورزی نہ ہو اور احتیاط برتی جائے۔ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں بتایا گیا ہے کہ روسی طیارے گزشتہ اختتام ہفتہ پر ترکی کے صوبے ہاتے کے شہر ’یولاداگی‘ میں داخل ہوئے تھے۔ ہفتے کو رونما ہونے والے اس واقعے کے بعد ترکی نے فوراً ہی اپنے دو ایف سولہ طیارے فضا میں روانہ کر دیے اور اُن کی مداخلت کے بعد روسی طیاروں کو دوبارہ شامی حدود میں داخل ہونے پر مجبور کر دیا گیا۔

انقرہ حکام نے روسی سفارت کار پر واضح کیا کہ آئندہ ایسی کسی بھی دراندازی کی صورت میں نتائج کی ذمہ داری ماسکو حکام پر ہی عائد ہو گی۔ اس کے علاوہ ترک وزیر خارجہ نے ٹیلیفون پر اپنی روسی ہم منصب سے بھی بات کی ہے۔ دوسری جانب صدر ولادی میر پوٹن کے ترجمان دیمتیری پیشکوف نے کہا ہے کہ اس معاملے کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔’’ ترک فضائی حدود کی خلاف ورزی کی رپورٹوں پر تحقیقات جاری ہیں اور صورتحال واضح ہونے کے بعد ہی کوئی بیان جاری کیا جائےگا‘‘۔

Grenze Türkei Syrien
تصویر: Getty Images/AFP/O. Kose

روسی طیاروں کی جانب سے ترک فضائی حدود میں داخل ہونے کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے، جب انقرہ حکام کی جانب سے شام میں روس فضائی کارروائیوں پر خدشات کا اظہار کیا گیا۔ شامی صدر بشارالاسد کے حوالے سے روس اور ترکی کا موقف بھی ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہے۔ روس اسد کا حامی ہے جبکہ ترکی انہیں شامی تنازعے کا ذمہ داری قرار دیتے ہوئے اقتدار سے الگ دیکھنا چاہتا ہے۔

درین اثناء روسی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ روسی جنگی طیاروں نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شام میں اسلامک اسٹیٹ کے نو ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا، جن میں کمانڈ سینٹر اور اسلحہ بارود کے گوادم بھی شامل ہیں۔ اس بیان میں مزید بتایا گیا کہ یہ کارروائیاں حمص، ادلب، حما اور الاذقیہ میں کی گئیں۔ ماسکو حکام کے بقول شام میں کیے جانے والے ان فضائی حملوں کا ہدف اسلامک اسٹیٹ اور القاعدہ سے منسلک گروپس ہیں۔ بدھ سے شروع کیے جانے ان حملوں میں مغرب کے حمایت یافتہ گروپس کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔