1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس اور یورپی یونین کے بڑھتے روابط

2 جون 2010

منگل کے روز یورپی رہنماؤں اور ماسکو کے درمیان ہونے والی سربراہ کانفرنس میں طرفین کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NfJK
روسی صدر دمتری میدویدف اور یورپی یونین کے صدر ہیرمن فان رومپوئےتصویر: AP

یورپی یونین کے صدر ہیرمن فان رومپوئے نے روسی صدر میدویدیفسے کہا کہ وہ روس کو جدید جمہوری ملک بنانے میں اپنے کردار ادا کریں۔ یورپی یونین کے صدر فان رومپوئے نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ماسکو ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنائے۔

روس کے جنوبی شہر راستوف آن ڈان میں منعقد ہونے والا یہ اجلاس گو کہ یورپ اور روس کے تعلقات میں گزشتہ چند ماہ میں تیزی سے آتی ہوئی بہتری کی ایک کڑی تھا، تاہم اس اجلاس میں فریقین کے درمیان وہ فرق بھی واضح ہو گئے، جن سے ان تعلقات کی حدود طے کی جا سکتی ہیں۔

فان رومپوئے نے ماسکو سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری کے لئے بڑے پیمانے پر اصلاحات کرے، تاہم دوسری جانب انہوں نے امریکی صدر باراک اوباما کے ایک حالیہ بیان کے تناظر میں روسی صدر میدویدیف کو کہا کہ یورپ روس کے ساتھ نئے سرے سے تعلقات کی بجائے موجودہ بہتر تعلقات کو تیزی سے آگے بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ ابھی حال ہی میں امریکی صدر باراک اوباما نے کہا تھا کہ وہ روس کے ساتھ تعلقات کا نیا باب شروع کرنا چاہتے ہیں۔ روس کی طرف سے پولینڈ کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے باعث برسلز اور ماسکو تیزی سے ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں۔

NO FLASH Russland-EU-Gipfel 1. Juni 2010
دو روزہ سربراہ اجلاس تعلقات میں بہتری کے الفاظ اور خوبصورت جملوں کے درمیان جاری رہاتصویر: AP

اس اجلاس کے بعد ماسکو اور برسلز نے ایک پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا، جس کے تحت یورپی یونین تربیت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ماسکو میں سرمایہ کاری کرے گا،اس کے بدلے میں ماسکو ملک میں معاشرتی اور معاشی ڈھانچے میں اصلاحات کی جانب بڑھے گا۔

تاہم اس اجلاس میں یہ واضح نہ ہو پایا کہ آیا یورپی یونین روسی شہریوں کے لئے ویزہ کی شرائط میں کسی طرح کی نرمی کا ارادہ رکھتا ہے یا نہیں۔ ویسے ہی یہ بات بھی طے نہ ہو پائی کہ یورپی کمپنیوں میں روسی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی یا نہیں۔

اس اجلاس میں ماسکو اور برسلز نے غزہ کے لئے امدادی قافلے پر اسرائیلی فوجیوں کی کارروائی کی مشترکہ طور پر مذمت کی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ