1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روبی ویلیمز دوبارہ Take Thatمیں شامل

16 جولائی 2010

معروف برطانوی گلوکار روبی ویلیمز ایک بار پھر ماضی میں ختم ہو جانے والے میوزک گروپ ’ٹیک دَیٹ‘ میں شامل ہو گئے ہیں اور اس گروپ کے ارکان خفیہ طور پر اپنا ایک نیا البم بھی تیار کر رہے ہیں، جو نومبر میں ریلیز کر دیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/OMr2
تصویر: EMI

اس بات کا اعلان لندن میں خود اس برطانوی میوزک گروپ کی طرف سے کیا گیا۔ پانچ نوجوان مرد گلوکاروں پر مشتمل یہ پاپ میوزک گروپ 1990کی دہائی میں نہ صرف برطانیہ میں بلکہ بین الاقومی سطح پر بھی اس طرز کی موسیقی کی پہچان بن گیا تھا، جسے بے تحاشا کاروباری کامیابی ملی تھی۔

BdT Robbie Williams in Köln
پانچ رکنی Take That کے مداحوں کو کرسمس اور نئے سال کا تحفہ میوزک البم کی شکل میں دیا جائے گاتصویر: picture-alliance/ dpa

1995 میں روبی ویلیمز نے اس گروپ سے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور پھر ایک گلوکار کے طور پر انہوں نے اپنا وہ ’سولو‘ کیریئر شروع کیا تھا، جس میں وہ قابل رشک حد تک کامیاب رہے تھے۔

Take That کے باقی ماندہ ارکان بھی 1996 میں ایک دوسرے سے بالکل علیحدہ ہو گئے تھے مگر پھر پانچ سال بعد وہ دوبارہ اکٹھے ہو گئے تھے۔ تب سے اب تک یہ گروپ دو بہت کامیاب ٹور کر چکا ہے اور اس کے جاری کردہ تین سنگل ریکارڈ بھی نمبر ون کی پوزیشن پر رہ چکے ہیں۔

اس کے برعکس روبی ویلمیز جو مسلسل اپنے سولو کیریئر پر ہی توجہ دیتے رہے، بظاہر اپنے گیتوں کی اس مقبولیت سے محروم ہوتے گئے، جو Take That کے دوبارہ اکٹھا ہونے سے پہلے تک انہیں ملی تھی۔

اس پاپ میوزک گروپ کے تمام سابقہ ارکان کے دوبارہ اکٹھا ہونے کی برطانوی ٹیلی وژن پر تصویریں بھی دکھائی گئیں، جن میں روبی ویلیمز دیگر چار بینڈ ممبرز کو ملتے نظر آئے۔

اس موقع پر Take That کے ایک رکن مارک اوئن نے بہت زیادہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’یہ ہمارا خواب تھا کہ ہم پانچوں ایک بار پھر ایک ہی سٹوڈیو میں جمع ہوں۔ ایسا لگتا تھا کہ یہ خواب کبھی حقیقت کا روپ نہیں دھار سکے گا۔ اب یہ حقیقت ہے کہ ہم پانچوں مل کر ایک نیا ریکارڈ تیار کر رہے ہیں۔ اب ہمیں یہ حقیقت ایک خواب محسوس ہوتی ہے۔‘‘

Robbie Williams Comeback Flash-Galerie
1995 میں روبی ویلیمز نے اس گروپ سے علیحدگی اختیار کر لی تھیتصویر: picture-alliance/ dpa

اس بینڈ کی طرف سے اکتوبر میں جو نیا سنگل ریکارڈ جاری کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اس کا ٹائٹل ہے ’Shame‘ اور یہ گیت روبی ویلیمز اور گیری بارلو نے مل کر لکھا ہے۔ اکتوبر میں اس سنگل ریکارڈ کی ریلیز کے اگلے ہی مہینے اس گروپ کا نیا البم بھی جاری کر دیا جائے گا۔

میوزک انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق نومبر میں اس نئے البم کی ریلیز کا پروگرام یہ سوچ کر بنایا گیا ہے کہ ایک تو کرسمس سے پہلے کے چند ہفتے کاروباری حوالے سے انتہائی کامیاب رہتے ہیں اور دوسرے یہ کہ اس طرح پانچ رکنی Take That کے مداحوں کو کرسمس اور نئے سال کا تحفہ دے کر خوش بھی کیا جا سکے گا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں