روایتی الیکٹرانکس کی بجائے آئندہ صرف ڈیجیٹل مصنوعات
7 ستمبر 2010جرمنی کی الیکٹرانک انڈسٹری کی فیڈریشن Bitkom کی طرف سے جاری کئے جانے والے حالیہ اعدادوشمار کے مطابق سال رواں کے دوران فروخت کی جانے والی مصنوعات کا 95 فیصد ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مشتمل تھا جبکہ اینالاگ ٹیکنالوجی پر مشتمل اشیاء کی فروخت محض پانچ فیصد رہی۔
برلن میں قائم Bitkom کے ایک بورڈ رکن جیفری فان ایڈے Jeffry van Ede نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی ترقی اور اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وضاحت کے لئے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے زیراستعمال اینالاگ ٹیکنالوجی کی جگہ لینے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو محض چند برس ہی لگے ہیں۔
Bitkom کے مطابق ٹیکنالوجی کے حوالے سے اس تبدیلی میں اہم کردار فلیٹ اسکرین ٹیلی وژن کا بھی ہے۔ جرمنی میں سال 2000ء کے دوران پرانے کیتھوڈ رے ٹیوب پر مشتمل ٹیلی وژن کی فروخت 60 لاکھ تھی جبکہ اس کے مقابلے میں فلیٹ سکرین ٹیلی وژن صرف 56 ہزار کی تعداد میں فروخت ہوئے لیکن اب صورتحال بالکل ہی الٹ ہے۔ رواں برس یعنی 2010ء کے دوران اندازے کے مطابق 96 لاکھ فلیٹ سکرین ٹیلی وژن فروخت ہوں گے جبکہ ان کے مقابلے میں پرانے CRT ٹی وی سیٹس کی فروخت کا اندازہ محض 41 ہزار ہے۔
رپورٹ : افسراعوان
ادارت : امجدعلی