1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’را۔ون‘ کی باکس آفس پر شاندار کامیابی

1 نومبر 2011

بھارتی سپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’را۔ون‘ نے باکس آفس کے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں تاہم ان کی اس سپر ہیرو فلم کو تنقید نگاروں کی جانب سے ملے جلے رد عمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

https://p.dw.com/p/132ds
شاہ رخ خان اپنی فلم کی تشہیری مہم کے دورانتصویر: picture alliance / Photoshot

ڈیڑھ سو کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی گئی ’را۔ون‘ کو بالی وڈ کی مہنگی ترین فلم قرار دیا گیا ہے۔ فلم نے پہلے ہفتے ہی میں ایک سو ستر کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے اور اس وقت بھی یہ فلم زبردست بزنس کر رہی ہے۔ یہ فلم چھبیس اکتوبر کو دیوالی کے روز ریلیز کی گئی اور اس نے بالی وڈ میں دیوالی پر ریلیز ہونے والی اب تک کی کسی بھی فلم سے زیادہ کاروبار کیا۔ دوسرے روز بھی اس فلم نے شاندار بزنس کیا اور باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ پانچ روز میں اس فلم نے سلمان خان کی ’باڈی گارڈ‘ کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔ ’باڈی گارڈ‘ نے پانچ دنوں میں ڈیڑھ سو کروڑ کا بزنس کیا تھا۔ بین الاقوامی سطح پر بھی اس فلم نے خاصی کمائی کی ہے۔ اسے جرمنی سمیت یورپ کے کئی ممالک میں ریلیز کیا گیا ہے۔

BdT Shahrukh Khan auf der Berlinale 2008
خان سن دو ہزار آٹھ کے برلن فلم فیسٹیول میں مرکز نگاہ رہےتصویر: AP

اس شاندار کارکردگی کے باوجود فلم کو تجزیہ کاروں کی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ فلم کی کہانی کو بعض تجزیہ کاروں نے کمزور قرار دیا ہے۔ شاہ رخ خان کی اداکاری پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ تاہم بعض مبصرین نے اس فلم کے بصری اثرات کو بھارتی فلمی صنعت کے حساب سے تاریخ ساز قرار دیا ہے۔ اس فلم کو ہالی وڈ کی سپر ہیرو فلمز کے افیکٹس کے ہم پلہ بنانے کے لیے شاح رخ خان نے ہالی وڈ کے ماہرین کی خدمات حاصل کی تھیں۔ فلمی ماہرین نے بھارتی فلموں میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے پر شاہ رخ خان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

شاہ رخ خان بیس برس سے بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں اور ان کا شمار بالی وڈ کے مشہور ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔ ’را۔ون‘ کو انوبھو سنہا نے ڈائریکٹ کیا تھا، جب کہ اس کے پروڈیوسر شاہ رخ خود تھے۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف