1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رافائل نادال کی مسلسل 13ویں ٹورنامنٹ میں ناکامی

3 اپریل 2010

میامی ماسٹرز کے سیمی فائنل میں عالمی نمبر چھ امریکی کھلاڑی اینڈی روڈک کے ہاتھوں شکست کے بعد شہرہ آفاق ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال مسلسل تیرہویں مرتبہ کسی ٹورنامنٹ سے بغیر ٹرافی حاصل کئے رخصت ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/MmPm
نادال ایک عرصے سے کوئی ایونٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو پائے ہیںتصویر: AP

میامی ماسٹرز ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اینڈی روڈک نے رافائل نادال کو پہلے سیٹ میں چار چھ کی شکست کے بعد چھ تین اور چھ تین سے شکست دی۔ ایونٹ کےفائنل میں روڈک کا مقابلہ چیک جمہوریہ کے Tomas Berdy یا سوڈیش کھلاڑی روبن سوڈرلنگ میں سے کسی ایک کے ساتھ ہوگا۔ یہ دونوں کھلاڑی دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہو رہے ہیں۔

پہلے سیٹ میں ناکامی کے بعد ایک مرتبہ پھر کھیل میں پوری طرح سے واپس آنے والے روڈک نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے آخری دونوں سیٹس میں بہت رسک لئے اور اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔

Andy Roddick beim Wimbledon-Finale 2009
ایڈی روڈک پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود میچ جیتنے میں کامیاب ہوگئےتصویر: AP

رافائل نادال آخری مرتبہ گزشتہ برس مئی میں روم ماسٹرز ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے اور اس کے بعد وہ فٹنس مسائل میں گھر گئے تھے۔ اس سے قبل رافائل نادال اور اینڈی روڈک کے درمیان ہونے والے سات مقابلوں میں سے پانچ میں نادال کامیاب رہے تھے۔

شکست کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں عالمی نمبر چار رافائل نادال نے پرعزم انداز میں کہا کہ وہ بہتر کھیل رہے ہیں اور جلد ہی جیت کا تسلسل حاصل کر لیں گے۔

’’اگر آپ کورٹ میں ہیں تو آپ کو اپنے دن کا انتظار ہوتا ہے۔ ایک دن آپ ضرور جیت جاتے ہیں۔‘‘

کہنی کی تکلیف سے باہر نکلنے کے بعد گزشتہ ماہ رافائل نادال پہلی مرتبہ ٹینس کورٹ میں واپس لوٹے تھے۔ انہوں نے گزشتہ ماہ کیلی فورنیا میں ہونے والے انڈین ویلز ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی تاہم اس ٹورنامنٹ میں بھی انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ رواں برس کے آغاز میں اسی تکلیف کے باعث انہیں آسٹریلین اوپن کے آغاز ہی میں مقابلوں سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشور مصطفیٰ