1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رئیل میڈرڈ کا کھلاڑیوں کو خریدنے کا جنون

رپورٹ عدنان اسحاق / ادارت ندیم گل13 جون 2009

ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ رونالڈو اور کاکا کے بعداب ڈیوڈ ولا کو خریدنے کے لئے بات چیت کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/I8tm
رئیل میڈرڈ کا لوگو

آجکل ذرائع ابلاغ میں رئیل میڈرڈ کی جانب سے پرتگال کے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کے خریدنے کی خبر کو سب سے اہمیت دے رہے ہیں اور کیوں نہ دیں ایسا لگ رہا ہے کہ اسپین کا یہ کلب دونوں ہاتھوں سے پیسہ لٹانے پر تلا ہوا ہے۔ کھیلوں کے ایک رسالے مارکا کے مطابق رونالڈو اورکاکا کے بعد رئیل میڈرڈ کی حریف کلب ایف سی ویلنسیا کے ساتھ اس کے کھلاڑی ڈیوڈ ولا کو خریدنے کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔ مارکا کے مطابق رئیل میڈرڈ نے ایف سی ویلینسیا کو اس مد میں 40 ملین یورو کی پیشکش کی ہے۔

Spanien Bralisien Fußball Ronaldo geht nach Real Madrid
کرسٹیانو رونالڈوتصویر: AP Graphics

اسی ہفتے رئیل میڈرڈ کی جانب سے پرتگالی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈوکو خریدنے کے حوالے سے جو بات چیت جاری تھی اب وہ آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔ رئیل میڈرڈ برطانوی فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو رونالڈو کے لئے 94 ملین یوروادا کرے گا۔ فٹ بال کی تاریخ کی اس سب سے بڑی ڈیل پربرطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن بھی تبصرہ کئے بغیر نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہ رونالڈو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اوران کے خیال میں لوگوں کواس بات پردکھ ہو گا کہ اب وہ برطانوی کلب کی جانب سے مزید نہیں کھیلیں گے۔ اس فیصلے کے بعد رونالڈو دنیا کے سب سے مہنگے خریدے گئے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ایک طرف جہاں کرسٹیانو کے برطانوی مداح افسردہ ہیں وہیں یہ پرتگالی کھلاڑی اس تاریخ ساز ڈیل پرہالی وڈڈ میں مشہور ماڈل اورگلیمر گرل پیرس ہلٹن کے ساتھ پارٹیوں میں مصروف ہے۔ لاس اینجلس میں رونالڈو نے کہا کہ یہ ڈیل ان کے کریئرمیں ایک نیا قدم ہے اوراب ان کی ساری توجہ ریئل میڈرڈ پر ہی مرکوز ہے۔ اس سے قبل 26 سالہ برازیلوی فٹ بالر کاکا کو اے سی میلان سے خریدنے کے لئے رئیل میڈرڈ نے 67.5 ملین یورو ادا کیے۔ میلان کی اس ٹیم نے اپنے بینک اکاؤنٹس میں بہتری کے لئے کاکا کی بطور کھلاڑی خدمات کو بیچا تھا۔