ذوالقرنین حیدر کا پی سی بی کے خلاف قانونی ایکشن کا منصوبہ
24 جنوری 2011دبئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز کے دوران اچانک لندن فرار ہو جانے والے ذوالقرنین حیدر نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹ بورڈ PCB کے ان اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا اراردہ رکھتے ہیں، جنہوں نے ان کی دماغی صحت پر شبہ ظاہرکیا ہے۔
پیرکو اپنے فیس بک اکاؤنٹ کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ PCB کے چیف آپریٹنگ افسر سبہان احمد اور ٹیم کوچ انتخاب عالم کے علاوہ سابق سکیورٹی مینیجر خواجہ نجم جاوید کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔
ذوالقرنین حیدر کے پرسرار فرار سے متعلق حقائق جاننے کے لئے PCB نے ایک انکوئری کمیشن قائم کیا تھا، جس نے اس معاملے پر تحقیقات کرنے کے بعد اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ذوالقرنین حیدر نہ صرف پیچیدہ شخصیت کے مالک ہیں بلکہ وہ کمزور اعصاب کے مالک بھی ہیں۔
دوسری طرف پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے خبر رساں اداروں کو بتایا ہے کہ وہ اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ذوالقرنین حیدر بورڈ کے خلاف کس بنیاد پر قانونی کارروائی کر سکتے ہیں،’ پاکستان میں کوئی بھی شہری کسی دوسرے شہری کے خلاف مقدمہ درج کر سکتا ہے لیکن اس کے لیے کوئی وجہ یا بنیاد ہونا ضروری ہے۔ میں بالکل نہیں سمجھ سکا کہ کس بنیاد پر وہ ہمارے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔‘
تفضل رضوی کے مطابق جب انہیں ذوالقرنین کی طرف سے کوئی نوٹس ملے گا تو ہی وہ اس بارے میں مزید تبصرہ کرنے کے قابل ہوں گے۔
ذوالقرنین حیدر لندن فرار ہونے کے بعد سے وہاں عارضی ویزے پر رہائش پذیر ہیں لیکن انہوں نے لندن میں پناہ کی درخواست جمع کروا رکھی ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عدنان اسحاق