1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہلی ٹیسٹ کا پہلا دن، بھارت تین وکٹوں پر دو سو چھیانوے رنز

29 اکتوبر 2008

نئی دہلی کے فیروز شاہ اسٹیڈیم میں بھارت اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے پانچ روزہ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بھارتی بلے باز گوتم گمبھیر کے ناقابل شکست ایک سو اننچاس رنز کی بدولت بھارت 296 رنز پر پہنچ گیا۔

https://p.dw.com/p/Fjcj
بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر جنھوں نے پچھلے ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیاتصویر: AP

کھیل کے پہلے روزبھارت کو ایک اچھا اسٹارٹ دینے کی کوشش میں اس کے دو ابتدائی بلے باز سہواگ اور ڈریوڈ جلدبازی میں اپنے وکٹیں گنوا بیٹھے اور صرف ستائیس رنز پر بھارت اپنی دونوں وکٹیں گنوا کر قدرے دباؤ میں آگیا۔ مگربھارتی اوپنر گوتم گمبھیر وکٹ پر ٹھہرے رہے،ایسے میں ٹنڈولکر نے وکٹ پر آکر گرتے ہوئے بھارتی حوصلے کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن چائے کے وقفے سے قبل جب ٹنڈولکرکا اسکوراڑسٹھ رنزتھا تو وہ بھی آسٹریلوی باوٴلر جانسن کی گیند پر ہیڈن کے ہاتھوں کیچ ہو کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

سچن کے آوٹ ہونے کے بعد بھارتی ٹیم دباؤ کا شکار نظر آ رہی تھی۔ جب لکشمن بیٹنگ کے لئے آئے تو بھارت کا اسکور ایک سو چھبیس رنز تھا ایسے میں لکشمن نے گمبھیر کے ساتھ شراکت میں اسکور کو296 تک پہنچا کر بھارتی ٹیم کو دباؤ سے باہر نکالا۔ پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر گوتم گمبھیر ایک سو چوالیس اور لکشمن چون رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔

آسٹریلیا کی طرف سے جانسن کامیاب ترین باؤلر رہے جنہوں نے دو وکٹیں لیں جبکہ وکٹ حاصل کرنے والے دوسرے باولر بریٹ لی تھی جنہوں نے سہواگ کو آؤٹ کیا۔