1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون چاہتے ہیں، پوٹن

عاطف توقیر11 جنوری 2016

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یہ بات جرمن اخبار ’بِلڈ‘ میں پیر گیارہ جنوری کے روز شائع ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں کہی۔

https://p.dw.com/p/1HbDY
Russland Wladimir Putin
تصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/A. Nikolskyi

پوٹن نے اپنے انٹرویو میں الزام عائد کیا کہ مغربی ممالک بین الاقوامی تنازعات کو ہوا دے رہے ہیں۔ ’’ہمیں ایک مشترکہ خطرے کا سامنا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یورپ اور دنیا کے دیگر تمام ممالک مل جائیں تاکہ ہم مشترکہ انداز سے ان خطرات کا مقابلہ کر سکیں۔‘‘

صدر پوٹن کا مزید کہنا تھا، ’’میں یہاں صرف دہشت گردی ہی کی بات نہیں کر رہا بلکہ جرائم، انسانوں کی اسمگلنگ اور ماحولیاتی تحفظ سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز کی بات بھی کر رہا ہوں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ روس ہی تمام معاملات میں دیگر ممالک کے طے کردہ فیصلوں پر راضی ہو گا۔

Russland USA John Kerry & Sergej Lawrow in Moskau
شام کے معاملے پر امریکا اور روس کے درمیان اختلافات ہیںتصویر: Reuters/M. Zmeyev

روسی فضائیہ شام میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خلاف فضائی حملوں میں مصروف ہے۔ ماسکو حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس تنظیم کا خاتمہ چاہتی ہے، کیوں کہ اس تنظیم میں سینکڑوں روسی شہری بھی شامل ہو چکے ہیں، جو روس کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

اسی تنظیم نے مصر میں رواں برس اکتوبر میں ایک روسی مسافر بردار طیارے کی تباہی کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔ مصری علاقے سینائی میں تباہ ہونے والے اس جہاز میں سوار تمام 224 افراد مارے گئے تھے۔

تاہم یہ امر اہم ہے کہ روس نے اس تنظیم کے خلاف فضائی کارروائیوں میں مصروف اور امریکی قیادت میں قائم بین الاقوامی اتحاد میں شمولیت اختیار نہیں کی، بلکہ انفرادی طور پر ہی فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا۔ امریکا اور مغربی ممالک کا الزام ہے کہ روسی طیارے اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے زیادہ تر ان باغیوں کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں، جو شامی صدر بشارالاسد کے خلاف گزشتہ کئی برسوں سے برسرپیکار ہیں۔

اپنے اس انٹرویو میں صدر پوٹن نے کہا کہ عراق اور لیبیا میں مغربی مداخلت نے خطے بھر میں دہشت گردی کے فروغ میں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے گزشتہ برس ستمبر میں کیے گئے اپنے خطاب کا حوالہ بھی دیا۔

دلادیمیر پوٹن نے ایک مرتبہ پھر مشرقی یورپ میں نیٹو کے دفاعی میزائل نظام کی تنصیب پر شدید تنقید بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک بین الاقوامی تنازعات پیدا کرتے ہیں اور انہیں ہوا دیتے ہیں۔