1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے، پاکستانی صدر

عاطف توقیر23 مارچ 2016

پاکستانی صدر ممنون حسین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملکی سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک لڑائی جا ری رہے گی۔

https://p.dw.com/p/1IIBa
Mamnoon Hussain neuer Präsident Pakistan 24.07.2013 ARCHIV
تصویر: picture-alliance/AP Photo

23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ فوجی پریڈ کا معائنہ کرتے ہوئے پاکستانی صدر ممنون حسین نے کہا کہ وہ ملکی فورسز کی صلاحیتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آج کی تقریبات کی مناسبت سے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد اور بالخصوص پریڈ ایوینیو پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔ ممکنہ حملوں کے خدشات کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد میں موبائل فون سروسز بھی معطل کر دی گئیں تھیں۔

اس ریلی میں شریک ہزاروں افراد کی موجودگی میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ ملک کے شمال مغربی حصوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن اپنے ’آخری مرحلے‘ میں داخل ہو چکا ہے۔

Pakistan Islamabad Präsident Mamnoon Hussain in Kutsche
ممنون حسین نے پریڈ میں شرکت کی اور خطاب کیاتصویر: picture-alliance/dpa/T. Mughal

اس ریلی میں پاکستان نے جوہری حملوں کی صلاحیت کےحامل میزائلوں، ٹینکوں، ڈرونز اور دیگر جدید ہتھیاروں کی نمائش بھی کی۔ پاکستان سن 1998ء سے اعلانیہ جوہری طاقت ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان وقفے وقفے سے جوہری ہتھیاروں کو ہدف تک پہنچانے کی صلاحیت کے حامل میزائلوں کے تجربات بھی کرتا رہا ہے۔

حالیہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں دہشت گردی کے بے شمار واقعات رونما ہوئے ہیں، تاہم جون 2014ء میں پاکستانی فوج نے شمالی وزیرستان میں ’آپریشن ضربِ عضب‘ کے نام سے فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

دسمبر 2014 ء میں پشاور میں ایک اسکول پر دہشت گردانہ حملے میں ڈیڑھ سو کے قریب طلبہ اور اساتذہ کی ہلاکت کے بعد سکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں شدت پیدا کر دی تھی، جب کہ کل جماعتی کانفرنس کے ذریعے تمام جماعتوں کی حمایت حاصل کرتے ہوئے ملک بھر میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

پاکستانی حکومت کا دعویٰ ہے کہ فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے ملک بھر میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں خاصی کمی واقع ہوئی ہے۔