1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دھرتی ماں پر بڑھتا بوجھ: ’اَرتھ اوور شُوٹ ڈے‘

8 اگست 2016

’اَرتھ اوور شُوٹ ڈے‘ ہر سال اُس روز منایا جاتا ہے، جب انسان کی معدنی وسائل کی مانگ ہماری دھرتی کی اُتنے ہی وسائل پیدا کرنے کی صلاحیت سے بڑھ جاتی ہے۔ اس سال یہ دن گزشتہ سال سے پانچ دن پہلے ہی 8 اگست کو منایا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JdYZ
Rohstoff Abbau China Bayan Obo
تصویر: picture-alliance/dpa

انسان کی معدنی وسائل سے استفادے اور زمین کی اُتنے ہی وسائل دوبارہ پیدا کرنے کی صلاحیت کا ریکارڈ رکھے جانے یا دوسرے لفظوں میں ’اَرتھ اوور شُوٹ ڈے‘ منانے کا آغاز 1987ء میں ہوا۔ تب امریکا، سوئٹزرلینڈ اور بیلجیم میں قائم ایک بین الاقوامی تھنک ٹینک ’گلوبل فُٹ پرنٹ نیٹ ورک‘ کے زیر اہتمام یہ دن اُنیس دسمبر کو منایا گیا۔ تب سے اب تک معدنی وسائل کے استحصال کی رفتار ہر سال تیز تر ہوتی چلی گئی ہے۔

’گلوبل فُٹ پرنٹ نیٹ ورک‘ کے بانی ارکان میں شامل ماتھِیس واکر ناگل نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ یہ ایک طرح سے ویسا ہی حسابی عمل ہے، جیسا کہ کوئی کسان اپنی کاشتکاری کے حوالے سے کیا کرتا ہے: ’’ہم بھی ماپتے ہیں کہ ماحولیاتی طور پر پیداوار دینے والا رقبہ کتنا ہے۔ جن چیزوں پر انسان کا انحصار ہے، جیسے کہ اورنج جُوس، آلو یا روئی وغیرہ، ان کی پیداوار کے لیے کتنا رقبہ درکار ہے۔ ہم فطرت سے انسان کی طلب کا موازنہ اس بات سے کرتے ہیں کہ کس قدر فطرت درحقیقت دستیاب ہے۔‘‘

Infografik Earth Overshoot Day Englisch
اُنیس دسمبر 1987ء کو پہلے ارتھ اوور شُوٹ ڈے کے بعد سے اب تک معدنی وسائل کے استحصال کی رفتار ہر سال تیز تر ہوتی چلی گئی ہے

اس موازنے میں یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ فطرت میں انسان کے معدنی ذخائر جلانے سے پیدا شُدہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرنے کی کتنی صلاحیت ہے: ’’ضروری ہے کہ ہم جنگلات کے لیے زیادہ رقبہ مختص کریں۔‘‘

Mathis Wackernagel, Founder and CEO, Global Footprint Network
’گلوبل فُٹ پرنٹ نیٹ ورک‘ کے بانی ارکان میں شامل ماتھِیس واکر ناگلتصویر: M. Wackernagel

پیرس منعقدہ ماحولیاتی کانفرنس میں عالمی رہنماؤں نے زمینی درجہٴ حرارت کو دو ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔ ماتھِیس واکر ناگل کے مطابق اس ہدف کے حصول کے لیے انسان کاربن گیسوں کے اخراج کی موجودہ مقدار کو بیس سال سے زیادہ برقرار نہیں رکھ سکتا، جس کا مطلب یہ ہے کہ توانائی کے معدنی وسائل کوخیر باد کہنے اور مکمل طور پر قابلِ تجدید ذرائع اپنانے کے لیے وقت بہت کم باقی رہ گیا ہے۔

اس سال کے اوور شُوٹ ڈے کا مطلب یہ ہے کہ اس سال یکم جنوری سے لے کر آٹھ اگست تک انسان اُتنے معدنی وسائل خرچ بھی کر چکا ہے، جتنے کہ زمین پورے سال میں پیدا کر سکتی تھی: ’’اگر پوری دنیا اُس معیار کی زندگی گزارنا چاہے، جیسے لوگ جرمنی میں گزار رہے ہیں تو اس کے لیے ہمیں تین ’زمینیں‘ (سیارے) درکار ہوں گے۔‘‘

اُنہوں نے کہا کہ بلاشبہ ایک اچھی زندگی گزارنا ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن ہمیں اپنے سیارے کی بھی فکر کرنی چاہیے: ’’ویسے تو ہر کوئی زمین کی بہتری کا سوچتا ہے لیکن اس کے لیے کوئی اپنا طرزِ زندگی ترک کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید