1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دو ہزارواں ٹیسٹ: انگلینڈ کو جیت کے لیے نو وکٹ درکار

25 جولائی 2011

لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 80 رنز بنا لیے ہیں اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/122iT
تصویر: AP

کرکٹ کی تاریخ کا یہ دو ہزارواں ٹیسٹ میچ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ایک سواں ٹیسٹ بھی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اس پہلے میچ میں بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار دکھائی دیتی ہے۔ آج کھیل کا آخری دن ہے جبکہ بھارت کو جیتے کے لیے ابھی 378 رنز درکار ہیں۔ آج جب پانچویں دن کے کھیل کا آغاز ہوگا تو راہول ڈریوڈ 34 جبکہ لکشمن 32 رنز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

چوتھے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے پانچ رنز بنا رکھے تھے۔ اُس وقت انگلینڈ کو مجموعی طور پر بھارت کے خلاف 193 رنز کی برتری حاصل تھی۔ انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراؤس نے پہلی اننگز کی طرح اپنی دوسری اننگز بھی ڈکلیئر کردی۔ تاہم اس مرتبہ ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ انہوں نے 269 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔ اس وقت تک میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 457 رنز کی برتری حاصل ہوچکی تھی۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز کی خاص بات وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو جیمز پرائیر کی سنچری تھی۔ انہوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 103 رنز اسکور کیے۔

پہلی اننگز میں سنچری کرنے والے راہول ڈریوڈ 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں
پہلی اننگز میں سنچری کرنے والے راہول ڈریوڈ 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیںتصویر: AP

بھارت کی طرف سے نمایاں بالر اشانت شرما رہے۔ انہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ہربھجن سنگھ اور پراوین کمار کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ چوتھے دن جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے ایک وکٹ کے نقصان پر 80 رنز بنا لیے تھے۔ بھارت کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ابھیناؤ موکنڈ تھے جو 12 رنز بنا کر براڈ کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔

بھارتی کپتان مہیندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 474 رنز بناکر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ انگلینڈ کے بیٹسمین کیون پیٹرسن نے 202 رنز بنائے تھے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں286 رنز بنا کر پویلین سدھار گئی۔ اسٹیوارٹ براڈ نے چار، ٹریملٹ نے تین اور اینڈرسن نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سوان کے حصے میں محض ایک وکٹ آئی۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں