1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوسرے ٹی ٹونٹی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ہاتھ سے سیریز بھی گئی

28 دسمبر 2010

نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دوسرے ٹونٹی ٹونٹی میچ میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں 39 رنز سے شکست ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سابق ورلڈ چیمپیئن پاکستانی ٹیم تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز صفر-دو سے گنوا بیٹھی ہے۔

https://p.dw.com/p/zqgb
تصویر: AP

سیڈن پارک ہیملٹن میں ہونے والے اس میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی، جو دراصل اس کے لئے میچ جیتنے کی دعوت ثابت ہوئی۔

میچ کا آغاز پاکستان کے لئے نہایت شاندار ثابت ہوا جب عبدالرزاق کی طرف سے پھینکی گئی میچ کی پہلی ہی گیند پر نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹسمین جے ڈی رائڈر وکٹ کیپر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ مگر عبدالرزاق کی یہ واحد وکٹ اور پاکستانی ٹیم کے شائقین کی یہ واحد خوشی ثابت ہوئی۔

بعد میں آنے والے میزبان ٹیم کے بلے بازوں نے دل کھول کر مہمان ٹیم کے بولروں کی دھنائی کی۔ گپٹِل نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے جبکہ دوسرے نمبر پر فرینکلن رہے جنہوں نے 40 رنز سکور کئے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

Shoaib Akhtar Pakistan Cricket Akademie
شعیب اختر میچ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 42 رنز دے کر محض ایک وکٹ حاصل کرسکے۔تصویر: AP

پاکستانی بولروں میں سب سے نمایاں سعید اجمل رہے جنہوں نے نیوزی لینڈ کے تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عبدالرزاق، شعیب اختر، وہاب ریاض اور سکپر شاہد خان آفریدی کے حصے میں محض ایک ایک وکٹ ہی آئی۔

پاکستانی اوپنرز محمد حفیظ اور اوپننگ کے شائق شاہد آفریدی جب اننگز کا آغاز کرنے کریز پر پہنچے تو پاکستانی ٹیم کو 186 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کا سامنا تھا۔ کپتان ’لیڈنگ فرام دی فرنٹ‘ والا کردار نہ نبھا پائے اور سات رنز بنا کر مِلز کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔ محمد حفیظ، عمر اکمل، وہاب ریاض اور احمد شہزاد نے میچ کی ہر گیند کے ساتھ دور بھاگتے ہدف تک پہنچنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش تو کی، مگر پاکستانی ٹیم بحیثیت مجموعی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا پائی اور مقررہ 20 اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر محض 146 رنز بناکر ناکام حسرتوں کے ساتھ پویلین لوٹ گئی۔ واحد بہتر کارکردگی محمد حفیظ کی رہی جنہوں نے 46 رنز بنائے، جبکہ عمر اکمل 26 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی 30 دسمبر کو کرائسٹ چرچ میں ہونا طے ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہء نیوزی لینڈ کے دوران دو ٹیسٹ جبکہ چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچ بھی کھیلے جائیں گے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں