دورہ پاکستان ممکن نہیں : سنیل گواسکر
11 دسمبر 2008ایک بھارتی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں سنیل گواسکر نے کہا کہ ایسے حالات میں جب سفارتی اور سیاسی تعلقات بگڑ چکے ہوں تو دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سرگرمیاں جاری رکھنا ناممکن ہے۔
سنیل گواسکر نے کہا کہ بھارتی ٹیم کا دورہ بھارت اسی وقت ممکن ہوسکے گا جب نئی دہلی حکومت اس کی اجازت دی گی۔ گواسکر نے یہ بھی کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات میں موجودہ کشیدگی کے باعث دونوں ہی ملکوں کے کھلاڑیوں کے لئے کرکٹ کھیلنا آسان نہیں ہو گا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم نے اب تک کے پروگرام کے مطابق آئندہ سال 13 جنوری سے 19 فروری تک پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس دوران تین ٹیسٹ میچ ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی مچ کھیلاجائے گا۔
اس سے قبل ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد وطن واپس لوٹ جانے والی انگلینڈ کی ٹیم کا دوبارہ دورہ بھارت بھی شکوک و شبہات کا شکار تھا تاہم بھارت کی جانب سے ٹیسٹ میچوں کے مقامات کی تبدیلی اور سخت حفاظتی اقدمات کے بعد انگلش ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لئے اب دوبارہ بھارت میں ہے۔
چنئی ٹیسٹ میچ
آج جمعرات کے روزسخت ترین حفاظتی انتظامات میں بھارت اورانگلینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ چنئی میں جاری ہے۔ کھیل کے پہلے روزانگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا انگلش اوپنگ بلے باز اسٹراؤس نے شاندار 123 رنز بنائے۔
پہلے روز کھیل کے اختتام پر انگلش ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا لئے ہیں۔ اس وقت اینڈریوفلنٹوف اورجیمز اینڈرسن کریز پر موجود ہیں۔
ایک ٹیسٹ کی پابندی کے بعد گوتم گھمبیر بھارتی ٹیم میں واپس آگئے ہیں جبکہ گنگولی کی ریٹائرمنٹ کے بعد یوراج سنگھ کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ادھرانگلش ٹیم میں آف اسپن باؤلرگرایم سوان نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا جبکہ ٹیم میں امبروز کی جگہ میٹ پیرر کو شامل کیا گیا ہے۔
اگرمیزبان ٹیم بھارت، انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کرنے میں کامیاب ہو گئی تو وہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرسکتی ہے۔ جبکہ انگلش ٹیم سیریز میں کامیابی حاصل کرکے پانچویں سے چوتھے نمبر پرآجائے گی۔