1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوران پرواز نومولود بچے کو ’فلش‘ کرنے کی کوشش

8 جولائی 2010

ایک بھارتی خاتون نے دوران پرواز ہوائی جہاز کے ٹائلٹ میں ایک بچے کو جنم دیا اور پھر اسے ’فلش‘ کرنے کی کوشش کی لیکن عملے کی بروقت کارروائی کی وجہ سے اس بچے کو بچا لیا گیا۔

https://p.dw.com/p/OE0U
ببچے کو جہاز کے ٹائلٹ میں جنم دے کر فلش کرنے والی خاتون میڈیکل کی طالبہ ہےتصویر: Nenad Velickovic

ہوائی جہازوں میں بچوں کی پیدائش کے واقعات اکثر سامنے آتے رہتے ہیں۔ اسی طرح کا ایک واقعہ گزشتہ روز ترکمانستان ائر لائنزکی امرتسر جانے والی ایک پرواز کے دوران میں پیش آیا۔ اس واقعے میں ایک بھارتی خاتون نےجہاز کے ٹائلٹ میں پہلے ایک بچے کو جنم دیا اورپھر کسی کو بتائے بغیراسے فلش کرنے کی کوشش کی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق امرتسر میں لینڈنگ کے بعد جہاز کے عملے نے طیارے کے ٹائلٹ میں پھنسے اس بچے کی وہاں موجودگی کا علم ہونے پراسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا۔ امرتسر کے ہوائی اڈے کے قریب ہی واقع ایک ہسپتال کے ڈاکٹرایچ پی سنگھ نے بتایا کہ یہ نومولود بچہ ٹائلٹ سیٹ کے اندراتنی بری طرح پھنسا ہوا تھا کہ اسے اس فلش کوایک آری کے ساتھ کاٹ کر باہر نکالا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس بچے کی حالت خطرے میں ہے۔

اس نوزائیدہ بچے کی ماں کو امرتسر ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب وہ فرار ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔ پولیس نے جہاز کے عملے کی نشاندہی پراس خاتون کو ہوائی اڈے کی لابی سے گرفتار کیا۔ بچے کی طرح اس کی ماں کو بھی فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہے۔

Schwangere Frau
36 ہفتوں یا اس سے زیادہ کی حاملہ خواتین کو سفر سے پہلے ڈاکٹر کا سرٹیفیکیٹ ساتھ لانے کی تجویز دی جاتی ہےتصویر: BilderBox

بتایا گیا ہے کہ یہ 24 سالہ بھارتی طالبہ غیر شادی شدہ ہے اور وہ میڈیکل کی تعلیم ختم کرنے کے بعد واپس بھارت لوٹ رہی تھی۔ اس کا تعلق بھارتی پنجاب کے شہر ہوشیارپور سے ہے۔ اس خاتون نے اپنا سفر کہاں سے شروع کیا تھا، اس بارے میں متضاد اطلاعات مل رہی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق میڈیکل کی یہ طالبہ ترکمانستان سے واپس آ رہی تھی اور یہ جہاز اشک آبادسے اڑا تھا۔ چینی خبر رساں ادارے شنہوا نے لکھا ہے کہ یہ بھارتی خاتون بیلا روس کے شہر منسک میں زیرتعلیم تھی اور وہیں سے اس ہوائی جہاز میں سوار ہوئی تھی۔

اسی طرح کا ایک واقعہ گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ میں بھی پیش آیا تھا، جب ایک ماں نے دوران پرواز پیدا ہونے والے اپنے بچے کو جہاز کے ٹائلٹ میں رکھے کوڑے کے ایک ڈبے میں پھینکنے کی کوشش کی تھی۔ تب Pacific Blue ایئر لائن کی یہ پرواز امریکہ میں اوک لینڈ جا رہی تھی۔ یہ خاتون ابھی بھی پولیس کی تحویل میں ہے اوراگراس پراپنے نومولود بچے کو ہلاک کرنے کا الزام ثابت ہو گیا تو اسے سات سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

اس واقعے کے بعد نیوزی لینڈ میں 36 ہفتوں یا اس سے زیادہ عرصے سے حاملہ خواتین کو سفر سے پہلے یہ لازمی تجویز دی جانے لگی کہ وہ ہوائی سفرسے متعلق کسی ڈاکٹر کا سرٹیفیکیٹ بھی ہمیشہ اپنے ساتھ لائیں۔ یہ قانون بین الاقوامی تجارتی پروازوں پر بھی لاگو ہوتا ہے تاہم اکثر حاملہ خواتین اس کی پاسداری نہیں کرتیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک