1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ، ایک سال میں سو ملین مسافر

مقبول ملک28 دسمبر 2015

امریکی ریاست جارجیا میں اٹلانٹا کا ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئر پورٹ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے، جسے سال رواں کے دوران استعمال کرنے والے مسافروں کی تعداد پہلی بار سو ملین یا دس کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HUip
تصویر: AP

اٹلانٹا سے پیر اٹھائیس دسمبر کے روز موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق ہارٹس فیلڈ جیکسن ہوائی اڈے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ امریکی ایئر پورٹ صرف دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہی نہیں ہوتا بلکہ یہ عملاﹰ دنیا کا سب سے مصروف ترین ایئر پورٹ ہے۔

اس کا ایک ثبوت دیتے ہوئے اس ایئر پورٹ کی انتظامیہ نے اتوار ستائیس دسمبر کی رات سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں کہا کہ کل ہی پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ اس ہوائی اڈے کو استعمال کرنے والے مسافروں کی سالانہ تعداد 100 ملین سے تجاوز کر گئی، اور ابھی اس سال کے ختم ہونے میں چار دن باقی تھے۔

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق اٹلانٹا انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ریاست جارجیا کا یہ ہوائی اڈہ دنیا کا وہ پہلا ایئر پورٹ بن گیا ہے، جس نے کسی ایک کیلنڈر سال میں سو ملین یا 10 کروڑ مسافروں کی میزبانی کا سنگ میل عبور کیا ہے۔

اس تاریخی اعزاز کو حاصل کرنے میں اس ایئر پورٹ کی انتظامیہ کی مدد ایک ایسے مسافر نے کی، جو وہاں پہنچنے والا دس کروڑواں مسافر تھا۔ امریکی ریاست میسِسیپی میں گلف پورٹ نامی شہر کے رہنے والے مسافر لیری کینڈرک کا اس ہوائی اڈے پر پہنچنے پر استقبال اٹلانٹا شہر کے میئر قاسم رِیڈ نے ذاتی طور پر کیا۔

یہ مسافر اس وقت حیران رہ گیا، جب اس کو پتہ چلا کہ اس کے شاندار استقبال کے لیے خاص طور پر سرخ قالین بچھائے گئے تھے اور وہاں اس کے لیے عام شہریوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

Flughafen Atlanta USA Flash-Galerie
اٹلانٹا ایئر پورٹ پر تقریباﹰ ہر وقت مسافروں کا بےتحاشا رش دیکھنے میں آتا ہےتصویر: AP

اس موقع پر اٹلانٹا ایئر پورٹ کے اس سال کے دوران دس کروڑویں مسافر کو یہ جان کر اور بھی حیرت ہوئی کہ اسے ایک نسان آلٹیما گاڑی تحفے میں دی جائے گی اور اس کے علاوہ 500 ڈالر کا ایک گفٹ کارڈ اور ڈیلٹا ایئر لائنز کی دو افراد کے لیے آنے جانے کی مفت ہوائی ٹکٹیں بھی۔

ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئر پورٹ کے جنرل مینیجر میگوئل ساؤتھ ویل نے بتایا کہ یہ ہوائی اڈہ عالمی سطح پر پہلی مرتبہ ایک انتہائی منفرد سنگ میل عبور کرنے میں اس لیے بھی کامیاب رہا کہ سال رواں کے دوران اس ایئر پورٹ پر مسافروں کی آمد و رفت میں 2014ء کی نسبت پانچ فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں