1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا طویل ترین میز پوش جرمنی کے روہر علاقے میں

14 جولائی 2010

جرمنی میں آئندہ ویک اینڈ پر ایک بہت بڑے بین الاقوامی ثقافتی اجتماع کے لئے دنیا کی سب سے لمبی میز تیار کی جائے گی اور اس میز کے لئے ’ٹیبل کلاتھ‘ کے طور پر دنیا کا طویل ترین میز پوش بھی سے تیار کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/OIRn
Ruhr 2010ایک پوسٹر:تصویر: RUHR.2010

جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں Ruhr کا علاقہ سال 2010 کے لئے یورپی ثقافتی دارالحکومت قرار دیا جا چکا ہے اور اس سال کے آغاز سے لے کر اب تک وہاں بے شمار نمائشیں اور اجتماعات منعقد ہو چکے ہیں۔ یورپی ثقافتی دارالحکومت کے طور پر Ruhr کے علاقے میں سال بھر کے دوران جن ہزاروں تقریبات کا اہتمام کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے، انہیں ’ثقافت کے ذریعے تبدیلی اور تبدیلی کے راستے ثقافت‘ کا نام دیا گیا ہے۔

"Bosnischer Topf" - Traditionelle Gerichte aus Bosnien
ایک روایتی میز پوشتصویر: DW/Pirolic

انہی منصوبوں میں سے ایک Ruhr 2010 کا ایک پروجیکٹ Still Life بھی ہے، جس کے تحت سترہ سے لے کر اٹھارہ جولائی تک یعنی آئندہ ویک اینڈ پر ایک ایسے بین الاقوامی اجتماع کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں ہزاروں شہریوں اس بارے میں اپنی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے کہ ثقافت سے ان کی مراد کیا ہے۔ Still Life نامی اس ثقافتی اجتماع کا اہتمام جرمن شہروں ڈورٹمنڈ اور ڈوئزبرگ کو جوڑنے والی وفاقی شاہراہ A40 پر کیا جائے گا اور اس دوران خاص طور پر اتوار 18 جولائی کے روز اس وفاقی شاہراہ کے قریب 60 کلومیٹر طویل حصے کو عام ٹریفک کے لئے بالکل بند کر دیا جائے گا۔

اس روز قریب 20 ہزار میزوں کو جوڑ کر دنیا کی سب سے لمبی میز تیار کیا جائے گی، جس پر Ruhr کےعلاقے کے مقامی شہری اور یورپ بھر سے آنے والے لاکھوں افراد مختلف نمائشوں میں حصہ لیں گے۔ منتظمین کو توقع ہے کہ یوں دنیا کی جو طویل ترین میز وجود میں آئے گی، اس پر کھانے پینے اور موسیقی کے لئے استعمال ہونے والے آلات کی نمائش سمیت کئی دیگر حوالوں سے ہر اس پہلو کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جائے گی، جس کا تعلق انسانی ثقافت سے بنتا ہے۔ جرمنی کی A40 نامی وفاقی شاہراہ کے 60 کلومیٹر طویل حصے پر اس یورپی ثقافتی اجتماع کو دیکھنے والوں کی تعداد ایک ملین سے زائد رہنے کی توقع ہے۔

لیکن سوال یہ ہے کہ یوں اگر دنیا کی سب سے طویل ترین میز وجود میں آئے گی تو اس میز کو ڈھانپنا بھی لازمی ہو گا۔ اس کے لئے منگل 13 جولائی کے روز اسی وفاقی شاہراہ پر سکولوں کے کئی ہزار بچوں نے مل کر ایک ایسا ’ٹیبل کلاتھ‘ یا میز پوش تیار کیا جو بذات خود ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

Flash-Galerie Urlaub in Deutschland Ruhr.2010
روہر علاقے میں ہونے والا آتش بازی کا مظاہرہتصویر: AP

اس مقصد کے لئے Longest Table of the World نامی منصوبے کے تحت ان ہزاروں بچوں نے قریب 30 سینٹی میٹر چوڑے کپڑے کے ہزاروں تھانوں کو کھول کر انہیں ایک دوسرے سے جوڑرا اور پھر ان پر اپنے ہاتھوں سے مختلف تصویریں، ڈرائنگز اور مناظر بنائے۔

یوں دنیا کا سب سے طویل ترین ٹیبل کور وجود میں آیا، جو آئندہ اتوار کے روز استعمال کیا جائے گا اور جس کی لمبائی 5.6 کلومیٹر سے بھی زیادہ بنتی ہے۔ یہ اس لئے اپنی نوعیت کا ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے کہ اس سے قبل آج تک دنیا میں جو طویل ترین ٹیبل کور تیار کیا گیا تھا، اس کی لمبائی صرف 3.5 کلومیٹر تھی۔ اس نئے عالمی ریکارڈ کے قیام کے بعد منگل کے روز Ruhr کے علاقے میں Mülheim an der Ruhr نامی شہر میں نہ صرف اس ’ٹیبل کلاتھ‘ کو باقاعدہ طور پر ذرائع ابلاغ کے سامنے پیش کیا گیا بلکہ اس کی لمبائی کی ٹھیک پیمائش بھی کی گئی، جو 5650 میٹر رہی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں