1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ، بھارتی اداکار بھی شامل

عاصمہ علی11 اگست 2015

بالی وڈ کی فلمیں اپنے رنگ برنگے سیٹوں، گانوں اور ڈانسروں کی وجہ سے مشہور ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج بالی وڈ کے پانچ فنکار دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1GDZN
Indien Schauspieler Salman Khan
تصویر: picture alliance/AP Photo/R. Kakade

بالی وڈ کے تین اداکار سلمان خان، امیتابھ بچن اور اکشے کمار ایسے ہیں، جو کہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ٹاپ ٹین اداکاروں میں شامل ہیں۔ یہ رینکنگ گزشتہ ہفتے شائع ہونے والے میگزین فوربز کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ہالی وڈ کے اداکاروں کا دوسرے بین الاقوامی اداکاروں سے موازنہ کیا گیا ہے۔

امریکی اداکار رابرٹ ڈاونی جونئیر نے گزشتہ برس 80 ملین ڈالر کمائے اور اس طرح وہ اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔ ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹس کے ماہر جیکی چن دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس پچاس ملین ڈالر کمائے۔ بالی وڈ کے اداکار سلمان خان اور امیتابھ بچن دونوں تینتیس اعشاریہ پانچ ملین ڈالرز کی کمائی کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔ اسی طرح شاہ رخ خان اس فہرست میں اٹھارہویں اور رنبیر کپور تیسویں نمبر پر ہیں۔

بالی وڈ میں پروموشن کے لیے کام کرنے والے راجوکریہ کا کہنا ہے کہ گلوبل رینکنگ میں بھارتی فنکاروں کو شامل کرنے کا فیصلہ انتہائی تاخیر سے کیا گیا ہے۔ ان کے خیال کے میں بالی وڈ کے اداکاروں پر تو سبھی چھوٹے اور بڑے فدا ہیں۔

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق بالی وڈ کے اداکار اس قدر مشہور ہیں کہ ان کی مبینہ غلطیوں کے باوجود عوام ان کے پیچھے کھڑے رہتے ہیں اور ان کی مقبولیت یا شہرت میں کوئی فرق نہیں آتا۔ اس سلسلے میں سلمان خان کا حوالہ دیا گیا ہے کہ بالی وڈ کے اداکار بہت سے اسکینڈلز سے آسانی سے بچ نکلتے ہیں۔ سلمان خان پر ایک کیس یہ چلا تھا کہ انہو‌ں نے نشے کی حالت میں سڑک پر سوئے ہوئے لوگوں کو کچل دیا تھا۔ دو ہزار چھ میں بھی ان پر کالے ہرن کے شکار کا کیس چلا تھا لیکن ان سب سے ان کی شہرت پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

بھارت کی ترقی کرتی ہوئی معشیت کی وجہ سے سینماؤں اور تھیٹرز کا رخ کرنے والے افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک ریسرچ کے مطابق بالی وڈ کی آمدنی ہر سال دس فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔

پہلے بالی وڈ کی فلموں میں زیادہ تر پیسہ سیاستدان یا بڑے مجرم لگایا کرتے تھے لیکن اب بیرونی ممالک کے مشہور پروڈکشن ہاؤسز بھی اس صنعت میں پیسہ لگا رہے ہیں۔ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے بھی ان اداکاروں کی شہرت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بڑے پردے کے ساتھ ساتھ یہ اداکار اب ٹی وی کی کمرشلز میں بھی نظر آتے ہیں۔