1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں ایسٹر کی تقریبات، پاپائے روم کا خصوصی پیغام

4 اپریل 2010

دُنیا بھر کے مسیحیوں نے اتوار کو ایسٹر مذہبی جوش و جذبے سے منایا۔ مرکزی عبادتی تقریبات ویٹی کن سٹی میں ہوئیں، جن کی قیادت کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم نے کی۔

https://p.dw.com/p/Mmw1
پاپائے روم سینٹ پیٹرز بیسلیکا کی بالکونی سے ایسٹر کا مبارکبادی پیغام دے رہے ہیںتصویر: AP
Ostern in Moskau
ماسکو میں ایسٹرسنڈے کی عبادت میں شریک عقیدت مندتصویر: dpa

ویٹی کن سٹی میں پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے عبادت کے بعد اپنا روایتی پیغام جاری کیا اور ’شہر اور دنیا‘ کو برکت دی۔ انہوں نے اُ‌ردو سمیت متعدد زبانوں میں ایسٹر کی مبارکباد دی۔

پوپ بینیڈکٹ نے دنیا کے بحران زدہ خطوں کے لئے خصوصی دعا کی۔ اتوار کی یہ سروس متعدد ممالک میں براہ راست نشر کی گئی۔ اس موقع پر ویٹی کن سٹی میں ہزاروں عقیدت مند موجود تھے۔

ایسٹر کے موقع پر یروشلم کے ’ہولی اسپیولکر‘ گرجا گھر میں بھی خصوصی عبادت کا انعقاد کیا گیا، جہاں ہزاروں مسیحی زائرین موجود تھے۔ مسیحی دنیا میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ تاریخی گرجا گھر اسی جگہ تعمیر کیا گیا، جہاں یسوع المسیح کی تدفین ہوئی۔

صدیوں پرانے اس چرچ کو مسیحیوں کے چھ فرقے استعمال کرتے ہیں، جن میں یونانی آرتھوڈوکس، رومن کیتھولک، آرمینائی آرتھوڈوکس، مصری کوپٹکس، سیریئن آرتھوڈوکس اور ایتھوپیئن آرتھوڈوکس شامل ہیں۔

حماس کے زیر انتظام غزہ پٹی سے بھی اس موقع پر یروشلم میں داخلے کے لئے 500 مسیحیوں کو اجازت نامے دیے گئے ہیں۔

ایسٹر سنڈے سے قبل ہفتہ کی شب ویٹی کن سٹی میں پوپ بینیڈکٹ نے سینٹ پیٹرز اسکوائر پر ہی ایسٹر کی شب کی خصوصی عبادت کی قیادت بھی کی۔ جمعہ کو ’گُڈ فرائیڈے‘ کے موقع پر انہوں نے روم میں ’صلیبی مقامات‘ کے خصوصی عبادتی جلوس کی قیادت کی جبکہ جمعرات جسے ’پاک جمعرات‘ کہا جاتا ہے، کے موقع پر انہوں نے 12 افراد کے پاؤں دھو کر کرائسٹ کی جانب سے پیش کئے گئے عاجزی کے نمونے کو دہرایا۔

Petersdom / Osternacht / Papst
ویٹی کن سٹی میں ایسٹر کی شب کی عبادتتصویر: AP

ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہے۔ اس سے قبل 40 روزے رکھے جاتے ہیں۔ ایسٹر کو ’عید پاشکا‘ یا ’عید قیامت المیسح‘ بھی کہا جاتا ہے، جو دراصل مسیحی عقائد کے مطابق یسوع المسیح کے موت پر فتح پانے اور مردوں میں سے جی اٹھنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں