1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھرمیں ایک ملین بچوں سمیت دس ملین افراد قید ہیں : اقوام متحدہ

21 اکتوبر 2009

اقوام متحدہ نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر کی مختلف جیلوں میں تقریبا دس ملین افراد قید ہیں، جن میں کم از کم ایک ملین بچے شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/KBgP
زیادہ تر جیلوں میں قیدیوں کو ایسے ہی سخت حالات کا سامنا ہےتصویر: AP

منگل کے روز اقوام متحدہ کے خصوصی تفتیش کار مانفریڈ نواک نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کئی مقامات پر گرفتار شدگان کو ایسے قید خانوں میں رکھا جاتا ہے، جہاں درجہء حراست ساٹھ درجے سینٹی گریڈ تک بھی پہنچ جاتا ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر جیلوں میں قیدیوں کو ایسے ہی سخت حالات کا سامنا ہے۔

Gefangenenaustausch Israel Hisbollah
دنیا بھر میں اس وقت دس لاکھ افراد قید خانوں میں پڑے ہیںتصویر: AP

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں رپورٹ جمع کرانے کے بعد نواک نے کہا کہ ان کی تفتیشی رپورٹ کا بنیادی مقصد ان قید خانوں تک رسائی تھا، جو دنیا کی نگاہوں سے دور ہیں۔ نواک نے بتایا کہ رپورٹ مرتب کرنے کے لئے انہوں نے درجنوں ممالک کا دورہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق نائجیریا کی ایک جیل میں عورتوں اور بچّوں سمیت تقریباً سو قیدیوں کو تفتیش کار تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ نواک کے مطابق اذیت دینے کے طریقوں میں قیدیوں کے پیروں کے قریب گولیاں چلانے اور زخمی قیدیوں کو بغیر دوا کے حراست میں رکھنے سمیت کئی غیر انسانی طریقے اختیار کئے جاتے ہیں۔

نواک نے بتایا کہ دنیا بھر میں اس وقت دس لاکھ افراد قید خانوں میں پڑے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر افراد کو سنگین حالات کا سامنا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : گوہرنذیر