1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دلائی لامہ کو تائیوان کے دورے کی اجازت مل گئی

27 اگست 2009

تائیوان کے صدر ما یِنگ ژُو نے بدھ مت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کو اگلے ہفتے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم چینی حکومت نے تائیوان کے اس فیصلے کی شدید مخالفت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/JJcQ
تصویر: AP

صدر ما یِنگ ژُو نے آج جمعرات کے روز نانتاؤ کاؤنٹی میں صحافیوں کو بتایا کہ دلائی لامہ اگلے ہفتے تائیوان کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کا مقصد دو ہفتے پہلے تائیوان میں آنے والے سمندری طوفان میں 450 سے زائد ہلاک شدگان کے لئے مذہبی رسومات ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر دلائی لامہ مذکورہ قدرتی آفت میں زندہ بچ جانے والوں کیلئے اچھی زندگی کی دعا بھی کریں گے۔

Dalai Lama in Hamburg
دلائی لامہ تائیوان میں حالیہ سمندری طوفان میں ہلاک ہونے والوں کے لئے مذہبی رسومات ادا کریں گےتصویر: AP

دلائی لامہ کو تائیوان کی ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی سے تعلق رکھنے والے سات میئرز نے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔ دلائی لامہ 1997ء اور 2001 ء میں بھی چینی حکام کی بھرپور مخالفت کے باوجود تائیوان کا دورہ کر چکے ہیں۔

دوسری طرف چین نے تائیوان میں، جسے وہ اپنا ہی ایک حصہ تصور کرتا ہے، دلائی لامہ کے دورے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلائی لامہ مذہی پیشوا نہیں، بلکہ ایک علٰیحدگی پسند باغی ہیں۔ چین کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بیجنگ میں تائیوان افیئرز آفس کے ایک اعلٰی رکن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چینی حکام دلائی لامہ کے تائیوان کے دورے کے سخت مخالف ہیں۔

تائیوان کے صدرما یِنگ ژُو کے ترجمان وانگ یو چی نے واضح کیا کہ ’’بدھ مت کے پیشوا دلائی لامہ کو تیس اگست سے 4 ستمبر تک تائیوان کے دورے کی اجازت انسانی ہمدردی اور تائیوان کے شہریوں کے مذہبی جذبات کو پیشِ نظر رکھ کر دی گئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دلائی لامہ کو دورے کی اجازت دینے سے تائیوان اور چین کے تعلقات متاثر ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم مبصرین کے مطابق ایسا ہو بھی سکتا ہے۔ تائیوان نے چین سے 1949ء میں علٰیحدگی اختیار کر لی تھی، تاہم تائیوان کے موجودہ صدر کے دور میں بیجنگ اور تائی پے کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

چینی حکومت دلائی لامہ کو ایک باغی سمجھتی ہےکیونکہ انہوں نے ساٹھ کی دہائی کے اواخر میں تبت کی چین سے آزادی کے لئے بغاوت کی تھی۔ تبت کی آزادی میں ناکامی کی وجہ سے دلائی لامہ بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: امجد علی