1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبئی ٹیسٹ :یونس خان کا شاندار کھیل

16 نومبر 2010

پاکستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پابندی کے خاتمے کے بعد یونس خان نے پہلے ایک روزہ میچوں میں شاندار کارکردگی دکھائی اور اب دبئی ٹیسٹ میں سینچری کی بدولت انہوں نے پاکستان کی یقینی شکست کا راستہ روکا۔

https://p.dw.com/p/QAq2
تصویر: AP

یونس خان نے سولہ ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے بعد سینچری سکور کر کے پاکستانی کرکٹ بورڈ کے حکام کو یہ پیغام دیا ہے کہ تجربے اور مہارت کا کوئی مول نہیں ہوتا۔

خلیجی ریاستوں ابو ظہبی اور دبئی میں کھیلی جانے والی جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ہوم سیریز کا پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔ میچ کے پانچویں دن پاکستان کے ممتاز بلے باز اور سابق کپتان یونس خان نے اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں اپنے ٹیسٹ کرکٹ کیریئر کی سترہویں سینچری مکمل کی۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے خلاف پانچ روزہ ٹیسٹ میچ کے آخری دن یونس خان کا ذاتی سکور کھیل ختم ہونے پر 131 ناٹ آؤٹ رہا۔

یونس خان نے اس سیریز کے لئے مقرر کپتان مصباح الحق کے ساتھ 186 رنز کی شراکت بھی قائم کی۔ مصباح نے بھی اس ٹیسٹ میچ میں نصف سینچری بنائی۔ وہ 76 کے سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس اننگز سے مصباح کی بلے بازی میں جو زوال آ رہا تھا وہ یقینی طور پر رک جائے گا اور وہ اگلے میچ میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کے اہل ہوسکتے ہیں۔ میچ کے آخری دن جنوبی افریقی باؤلر پاکستان کے صرف ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ وہ اظہر علی تھے جنہوں نے اس میچ کی دونوں اننگز میں نصف سینچریاں بنائیں۔ کھیل ختم ہونے پر پاکستانی ٹیم کا سکور تین وکٹوں پر 343 رنز تھا۔

Chris Gayle
سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں کرس گیل نے ٹرپل سینچری بنائیتصویر: AP

جنوبی افریقہ کے پاس میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے موقع پیدا ہوئے تھے۔ کل تین کیچ چھوڑے گئے۔ آخری چانس دوسری نئی گیند لینے کے بعد آیا تھا۔ ژاک کیلس نے سلپ پر ڈیل سٹین کی گیند پر 76 رنز پر کھیلنے والے یونس خان کا ایک انتہائی مشکل کیچ چھوڑ دیا تھا۔ اس وقت یونس خان کے آؤٹ ہو جانے پر پاکستانی ٹیم یقینی طور پر مشکلات کا شکار ہو سکتی تھی۔ یونس خان کی یہ ایک تیز شارٹ تھی جو سلپ سے نکلتی ہوئی چوکا بن گئی تھی۔ اسی اوور میں یونس خان نے سٹین کو تین چوکے مارے تھے۔

دبئی کے بعد اب اگلا ٹیسٹ میچ ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں ہفتہ کے روز شروع ہو گا۔ دبئی ٹیسٹ میچ کا نتیجہ بظاہر سامنے نہیں آیا لیکن پاکستانی ٹیم نے بہت ہی مناسب کھیل کا مظاہرہ کیا۔

پاکستانی اور جنوبی افریقی ٹیموں کے میچ کے علاوہ نیوزی لینڈ اور بھارتی ٹیموں کے درمیان بھی دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہوا۔ نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کلم نے ڈبل سینچری بنائی۔ بھارت کےباولر ہر بھجن سنگھ نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں دو سینچریاں بنا چکے ہیں۔ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں گال ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہیں۔ اس میچ میں کرس گیل نے 333 کی بڑی اننگز کھیلی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں