1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خوراک و زراعت کے عالمی ادارے کے نئے سربراہ

27 جون 2011

برازیل کے سابق فوڈ سکیورٹی کے وزیر یوزے گرازیانو ڈا سلوا کو اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن کا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ FAO کے وہ لاطینی امریکہ سے تعلق رکھنے والے پہلے سربراہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/11jwV
یوزے گرازیانو ڈا سلواتصویر: AP

یوزے گرازیانو ڈا سلوا کو بین الاقوامی امدادی اداروں کے علاوہ امریکہ کی بھی حمایت حاصل تھی۔ ان کے قریب ترین حریف اسپین کے سابق وزیر خارجہ میگوئل مانوئیل موراتینوس تھے۔ روم میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے صدر دفتر میں ہونے والی ووٹنگ میں برازیلی امیدوار کو 92 ووٹ ڈالے گئے۔ ان کے حریف سابق ہسپانوی وزیر خارجہ کو 88 ووٹ ملے۔

اپنی کامیابی کے بعد برازیل کے سابق فوڈ سکیورٹی کے وزیر یوزے گرازیانو ڈا سلوا نے انتہائی جذباتی انداز میں تقریرکرتے ہوئے کہا کہ وہ اب برازیل کے امیدوار نہیں رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی مثبت نتائج اور مقاصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ان کی کامیابی کے اعلان کے بعد دو بڑی امدادی ایجنسیوں نے خیر مقدمی بیان جاری کیے ہیں۔ ان میں بین الاقوامی شہرت کی حامل غیر سرکاری امدادی تنظیمیں ایکشن ایڈ اور آکسفیم شامل ہیں۔ اٹلی میں ایکشن ایڈ کے ڈائریکٹر مارکو ڈی پونٹے کا کہنا ہے کہ نئے سربراہ یقینی طور پر اگلے سالوں میں چھوٹے کسانوں کو وقعت دیں گے کیونکہ اس وقت دنیا کے کئی ملکوں میں چھوٹے کسانوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ ڈی پونٹے کا یہ بھی کہنا تھا کہ فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن عالمی سطح پر اشیائے خوراک کی بڑھتی قیمتوں کے رجحان پر بھی توجہ مرکوز کرے گی۔

NO FLASH Jose Graziano da Silva
خوراک و زراعت کے عالمی ادارے کے نئے سربراہ یوزے گرازیانو ڈا سلواتصویر: dapd

آکسفیم کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ برازیل کے گرازیانو انتہائی پر عزم ہیں اور وہ اپنی مہارت اور صلاحیتوں سے غیر مستحکم اور شکستہ فوڈ سسٹم کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔

اسی طرح امریکہ نے بھی برازیلی امیدوار کی کامیابی کا خیر مقدم کیا ہے۔ امریکی وزارت زراعت کی نائب وزیر خارجہ کیتھلین میری گن کا کہنا ہے کہ امریکہ خوراک و زراعت کے عالمی ادارے کے نئے سربراہ کے ساتھ کام کر کے مسرت حاصل کرے گا۔ برازیل کی صدر ڈیلما روسیف نے بھی اپنے ملک کے امیدوار کی کامیابی پر اظہار اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

برازیل کے امیدوار ایسے وقت میں اقوام متحدہ کے خوراک و زراعت کے ادارے کے سربراہ منتخب ہوئے ہیں، جب دنیا بھر میں اشیائے خوراک کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ رونما ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ غریب ملکوں میں بھوک افزائش پا رہی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ برازیل میں گرازیانو کی کوششوں اور کامیاب حکمت عملی سے ہی بھوک کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پانے کی مناسب کوشش کی گئی تھی۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں