1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حکومت کے ساتھ امن معاہدہ نہیں ہوا تھا، تحریکِ نفاذِ شریعتِ محمّدی

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: امجد علی4 مئی 2009

پاکستان کی کلعدم اسلامی تنظیم تحریکِ نفاذِ شریعتِ محمّدی کا کہنا ہے کہ صوبہِ سرحد کی حکومت کے ساتھ امن معاہدہ نہیں بلکہ نفاذِ شریعت کا معاہدہ ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/HjWy
تصویر: Faridullah Khan

تحریک کے ترجمان امیرعزّت خان نے پاکستانی حکومت سے کہا ہے کہ وہ شمال مغربی سرحدی علاقے مالاکنڈ ڈویژن میں فوجی آپریشن فوراً ختم کرے۔

تحریک ِ نفاذِ شریعتِ محمّدی کے مطابق فروری میں پاکستانی پارلیمان کی جانب سے منظورکیا گیا معاہدہ کوئی امن معاہدہ نہیں تھا بلکہ وہ حکومت کواس بات کا پابند بناتا ہے کہ وہ مالاکنڈ ڈویژن میں اسلامی قوانین نافذ کرے۔

Neue Militäroffensive gegen Taliban in Pakistan
گزشتہ روز فوجی ترجمان نے کہا تھا کہ چار روزہ لڑائی میں اٹھاسی شدّت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

امیر عزّت خان کا بیان عین اس وقت سامنے آیا ہے جب سوات ضلعے کے مرکزی شہر مینگورہ میں عسکریت پسندوں نے مسلّح گشت شروع کردی ہے اور وہاں حالات کشیدہ ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی سیکیورٹی فورسز کا مالاکنڈ میں آپریشن جاری ہے اور گزشتہ روز فوجی ترجمان نے کہا تھا کہ چار روزہ لڑائی میں اٹھاسی شدّت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سوات میں تحریکِ نفاذِ شریعتِ محمّدی کے رہنما مولانا صوفی محمّد کے گھر پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا گیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تحریک کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مولانا صوفی محمّد اپنے اہلِ خانہ سمیت بٹ خیلہ منتقل ہوگئے ہیں۔ امیرعزّت خان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دانستہ مولانا صوفی محمّد کے گھرکو نشانہ نہیں بنایا تھا بلکہ اس علاقے سے سیکیورٹی فورسز پر حملہ ہوا تھا، جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

اس صورتِ حال میں فروری میں طے پانے والے ’نظامِ عدل‘ معاہدے کا مستقبل کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔