1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حمص میں خودکش حملے، ہلاکتوں کی تعداد 42 تک پہنچ گئی

25 فروری 2017

شامی حکومت کے ایک مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے شہر حمص میں دو سکیورٹی مراکز پر ہونے والے خودکش حملوں کے نتیجے میں 42 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2YF2o
Syrien Homs
تصویر: picture alliance/AP Photo

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آج ہفتہ 25 کو یہ حملے شامی حکومت کے دو سکیورٹی اداروں کے مراکز پر ایک ایسے موقع پر کیے گئے ہیں، جب جنیوا میں شامی تنازعے کے سیاسی حل کی تلاش کے لیے مذاکرات کا عمل جاری ہے۔

شامی خانہ جنگی پر نظر رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’کم از کم چھ حملہ آور ان حملوں میں ملوث تھے اور ان میں کئی ایک نے اسٹیٹ سکیورٹی اور ملٹری انٹیلیجنس کے ہیڈکوارٹرز کے قریب خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔‘‘

رامی عبدالرحمان نے مزید بتایا کہ حمص کے انتہائی سکیورٹی والے علاقوں غوطہ اور مہاتا میں کیے جانے والے ان دو حملوں کے دوران ایک سینیئر انٹیلیجنس افسر بھی ہلاک ہوا۔ ان حملوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے شہر کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

Syrien Krieg - Kämpfe in Damaskus
’’کم از کم چھ حملہ آور ان حملوں میں ملوث تھے اور ان میں کئی ایک نے اسٹیٹ سکیورٹی اور ملٹری انٹیلیجنس کے ہیڈکوارٹرز کے قریب خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔‘‘تصویر: Reuters/B. Khabieh

مئی 2014ء میں اقوام متحدہ کی مدد سے ہونے والے ایک معاہدے کے بعد باغی حمص شہر سے نکل گئے تھے اور اس وقت کے بعد  سے یہ شہر مکمل طور پر شامی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔ تاہم اس پر کئی مرتبہ بم حملے کیے جا چکے ہیں۔ رواں برس کے آغاز میں ہونے والے دوہرے بم حملوں میں 64 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ شامی سرکاری ٹیلی وژن پر آج ہفتے کے روز ہونے والے حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق ان حملوں کی ذمہ داری القاعدہ سے تعلق رکھنے والے سابق گروپ فتح الشام نے قبول کر لی ہے۔

شامی فورسز نے روسی فضائی حملوں کی مدد سے تاریخی نخلستانی شہر پالمیرا کا قبضہ گزشتہ برس مارچ میں داعش سے چھڑا لیا تھا تاہم دسمبر میں یہ دوبارہ داعش کے قبضے میں چلا گیا۔ اس وقت کے بعد سے شامی حکومتی فورسز کی زیادہ تر توجہ ملک کے شمالی حصے کے شہر حلب پر مرکوز ہے جو گزشتہ برس دسمبر میں باغیوں کے وہاں سے نکل جانے کے بعد سے مکمل طور پر شامی فورسز کے کنٹرول میں ہے۔