1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حلب میں ’خون کی ہولی‘ روکی جائے، برطانیہ اور فرانس کا مطالبہ

عاطف بلوچ، روئٹرز
7 اکتوبر 2016

برطانیہ اور فرانس نے جمعے کے روز مطالبہ کیا ہے کہ روس اور شامی فورسز حلب میں فضائی حملوں کا سلسلہ فوری طور پر روک دیں، کیوں کہ اس سے وہاں بڑے پیمانے پر عام شہری ہلاک ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2R1TI
Syrien Aleppo Trümmer vor Moschee
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Syrian Civil Defense White Helmets

فرانس اور برطانیہ کی جانب سے یہ مطالبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس کے موقع پر کیا گیا ہے۔ حلب میں تازہ حملوں اور وہاں متعدد ہسپتالوں کو بمباری کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات کے تناظر میں سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔ اقوام متحدہ کے لیے فرانسیسی سفیر فرانسوا ڈیلاتر نے اس اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں سے بات چیت میں کہا، ’’اس سے اہم ترجیح یہ ہے کہ حلب میں خون کی ہولی فوری طور پر روکی جائے۔‘‘

Syrien Angriff auf UN Hilfskonvoi bei Aleppo
حلب شدید بمباری کی لپیٹ میں ہےتصویر: picture-alliance/newscom/O. Haj Kadour

اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت میں برطانوی سفیر میتھیو ریکروفٹ نے بھی کہا، ’’اس وقت اہم ترین معاملہ یہی ہے کہ حلب میں بدترین فضائی بمباری فوری طور پر بند کی جائے۔‘‘

اقوام متحدہ کا یہ ہنگامی اجلاس روسی درخواست پر ایک ایسے موقع پر طلب کیا گیا ہے جب شام کے لیے بین الاقوامی مندوب اسٹیفان ڈے میستورا نے خبردار کیا ہے کہ حلب شہر اگلے چند ماہ میں مکمل طور پر تباہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ایک منصوبہ پیش کیا ہے، جس میں مشرقی حلب میں موجود جہادیوں کو علاقہ چھوڑنے کی اجازت تفویض کی گئی ہے۔

تاہم فرانسیسی سفیر کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ صرف اسی وقت موثر ہو سکتا ہے، جب حلب میں فوری طور پر فائربندی قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ حلب اس وقت آگ میں جھلس رہا ہے۔

برطانوی سفیر رائکروفٹ نے بھی میستورا کے بیان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پونے تین لاکھ آبادی کے شہر حلب میں موجود چند سو جہادیوں کے خاتمے کے لیے بلاتفریق شدید بمباری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ نہیں عام شہریوں کی ہلاکت ہے۔

ادھر امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے مطالبہ کیا ہے کہ روس اور شام کو چاہیے کہ وہ حلب میں جنگی جرائم سے متعلق تفتیش کا سامنا کریں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہسپتالوں، خواتین اور بچوں کو بلاامتیاز ہدف بنانے پر روس اور شام کی جانب سے محض ’وضاحت‘ کافی نہیں ہو گی۔