حضرت عیسٰی کا بلند ترین مجسمہ پولینڈ میں
22 نومبر 2010پولینڈ کے ٹی وی چینلز کے مطابق اس موقع پر لوگوں کا ایک جم غفیر مذہبی عبارات پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھا، جن پر ’یسوع مسیح کائنات کے بادشاہ ہیں‘ تحریر تھا۔ کارڈینل Henryk Gulbinowic کی زیر صدرات ہونے والی نقاب کُشائی کی اس رسم میں بشپ سٹیفن ریگمنٹ نے اس مجسمے کو یسوع مسیح پر ایمان کی سب سے واضح نشانی قرار دیا۔
33 میٹر یعنی 108 فٹ بلند یہ مجسمہ برازیل کے دالحکومت ریو دے جینیرو میں نصب مسیح کے اُس مجسمے سے تین میٹر زیادہ بلند ہے، جسے اب تک سب سے طویل القامت ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔ کہا یہ جاتا ہے کہ اس کی 33میٹر بُلندی در اصل یسوع مسیح کی 33 برس کی عمر سے منسوب کی گئی ہے۔ 440 ٹن کے اس مجسمے کے سر پر نصب تین میٹر کا سونے سے بنا تاج بھی ہے، جس کے بعد اس مجسمے کی کُل لمبائی 36 میٹر تک جا پہنچی ہے۔
نقاب کُشائی کی اس تقریب میں شامل اس مجسمے کا خیال پیش کرنے والے فادر ساواڈسکی نے اس امید کا اظہار کیا کہ کرائسٹ دی کنگ کینھولک آبادی کی اکثریت کے حامل پولینڈ میں زائرین کو خوش آمدید کہیں گے۔ تاہم ان کا یہ کہنا تھا کہ اس مجسمے کی تنصیب سیاحت کے فروغ کے لئے نہیں بلکہ مذہبی مشن کو پورا کرنے کے لئے کی گئی ہے۔
دوسری جانب ایک ٹی وی رپورٹ کے مطابق جرمنی اور پولینڈ کی سرحد پر بہت سے لوگ جمع ہیں تاکہ بطور یادگار سرحد سے صرف 90 کلو میڑ دور نصب اس مجسمہ کی تصاویر لے سکیں۔
رپورٹ: عنبرین فاطمہ
ادارت : امجد علی