1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیون ساتھی کی طویل تلاش سے ’جیون متاثر‘

11 اگست 2010

ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسے مرد، جو اپنے جیون ساتھی کی تلاش میں مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، دیگر مردوں کے مقابلے میں اُن کے لائف سپین میں قدرے کمی واقع ہوتی ہے یعنی وہ کم زندگی کے حامل ہوتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Oi1c
تصویر: picture alliance/chromorange

اس تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سے زیادہ خواتین کی موجودگی میں اپنے لئے بہتر جیون ساتھی کی تلاش میں بھٹکنے والے مردوں کے ٹوٹل لائف سپین میں تقریباً تین ماہ کی کمی واقع ہو جاتی ہے۔

جرنل ڈیموگرافی میں شائع ہونے والے اس تحقیقی رپورٹ کے مطابق جنس اور طویل العمری کے درمیان تعلق اس سے قبل جانوروں میں دیکھا گیا تھا۔ تاہم ایسا پہلی مرتبہ ہے کہ انسانوں پر بھی ان دونوں عوامل کے درمیان تعلق کے اثرات دیکھے گئے ہیں۔

Iran Forbidden Party 2008, Freies Bildformat
جیون ساتھی کی تلاش میں مشکلات کا اثر انسانی عمر پر پڑتا ہے

اس تحقیق میں مصروف ہارورڈ میڈیکل سکول کے پروفیسر نکولس کرسٹاکِس کہتے ہیں:’’اگر آپ کو اپنا جیون ساتھی تلاش کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، اس کا اثر آپ کی جسمانی صحت پر ہو گا۔ اس سے یہ تعین ہو گا کہ آپ کتنے سال زندگی گزاریں گے۔‘‘

اس تحقیقی رپورٹ میں مزید یہ کہا گیا ہے:’’ظاہر ہے مجموعی عمر سے تین ماہ کی کمی کوئی زیادہ اہمیت نہیں رکھتی تاہم یہ بالکل ایسا ہی ہے، جیسا روزانہ ایسپرین کی گولی کے استعمال کا جسم پر اثر۔‘‘

پروفیسر کرسٹاکِس کہتے ہیں:’’ایک 65 سالہ شخص عموماً مزید 15 برس جینے کا خواہشمند ہوتا ہے، ایسے شخص کی عمر سے تین ماہ کی کمی ہو، تو یقینا یہ کمی بہت زیادہ ہوگی۔‘‘

sustainable dance floor – Holland
جیون ساتھی کی تلاش میں سرگرداں افراد کے لئے یہ یقینی طور پر اہم خبر ہےتصویر: sustainable dance club

کرسٹاکِس سمیت یونیورسٹی آف وسکونسِن اور ہانگ کانگ کی چینی جامعہ کے سائنسدانوں کی مشترکہ تحقیق پر مبنی اس رپورٹ کے مطابق جتنا زیادہ یہ عمل غیر متوازن ہو گا، اتنے ہی زیادہ عمر پر اس کے اثرات بھی پڑیں گے۔

اس تحقیق کے لئے ونکونسِن یونیورسٹی سے 1957ء میں فارغ التحصیل ہونے والے چار ہزار سے بھی زیادہ طلبہ کی صحت کا ریکارڈ رکھا گیا۔ اس کے علاوہ طویل العمر افراد کے لئے حکومت کے پروگرام کے تحت چار ملین افراد کے ریکارڈ سے بھی اعداد و شمار اکٹھے کئے گئے۔

اس تقریباً نصف صدی تک جاری رہنے والی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ اس دور میں اپنے جیون ساتھی کی تلاش میں مشکلات کے شکار ہونے والے افراد کی عمر دیگر لڑکوں کے مقابلے میں کم رہی ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر/خبر رساں ادارے

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں