1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جہاز تباہ کرنے کی کوشش : مشتبہ دہشت گرد پر فرد جرم عائد

27 دسمبر 2009

امریکہ میں جمعہ کو ایک مسافر طیارےکو بم سے اڑانے کی کوشش پر ڈیٹرائٹ میں امریکی محکمہ انصاف نے نائجیریا کے شہری عمر فاروق پر ائیر بس کی پرواز کے تمام مسافروں کے اقدام قتل کا الزام عائد کیا۔

https://p.dw.com/p/LEC0
تصویر: AP

امریکہ کے ایک وفاقی جج پال بورمین نے مشی گن میڈیکل سینٹر میں جاکر نائیجیرئن شہری پر لگائے گئے الزامات سے اُسے آگاہ کیا۔ عدالتی کارروائی بیس منٹ تک جاری رہی جس میں مشتبہ دہشت گرد عمر فاروق عبدالمطلب نے وکیل صفائی کی استدعا کی۔ جہاز کو بارودی مواد سے تباہ کرنے کی کوشش میں مبینہ دہشت گرد کے دونوں ہاتھ بری طرح جھلس گئے ہیں۔

Eric Holder
امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر۔تصویر: AP

امریکی میڈیا پر ایک حکومتی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ دوران تفتیش عبدالمطلب نے تسلیم کیا کہ اس نے بارودی مواد اپنی ٹانگ سے چسپاں کررکھا تھا جس سے وہ ایئر بس کی پرواز A330 کو تباہ کرنا چاہتا تھا۔

امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرسمس کے دن اس قسم کے حملے کے بعد سے امریکی شہریوں کو ہر موقع پر دہشت گردی کے مقابلے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر تخریب کاری کا یہ منصوبہ کامیاب ہوجاتا تو سینکڑوں معصوم لوگ یا تو مارے جاتے یا پھر زخمی ہوجاتے۔

چارج شیٹ کے مطابق افریقی ملک نائجیریا کے شہری عمر فاروق عبدالمطلب نے جہاز پر سوار ہونے سے قبل آتش گیر مواد اپنے جسم کے ساتھ چسپاں کر رکھا تھا۔ کہا جارہا ہے کہ جیسے ہی پرواز ڈیٹرائٹ کے ہوائی اڈے پر اترنے لگی تو اس نے آتش گیر مواد کے ساتھ جہاز کے اندر دھماکہ کرنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام رہا اور آگ کا شعلہ دیکھ کر جہاز کے عملے اور مسافروں نے اس کو بےبس کرتے ہوئے گرفت میں لے لیا۔ مبینہ دہشت گرد کو جھلس جانے کے باعث گہرے زخم آئے ہیں۔ اِس باعث لینڈنگ کے فوری بعد اسے طبی امداد کی فراہمی کے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

عمر فاروق عبدالمطلب کے ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم کے بین الاقوامی ہوائی اڈےسے باآسانی آتش گیر مواد سمیت جہاز پر سوار ہونے پر بہت سے حلقوں کی جانب سے مختلف سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ ہالینڈ کے حکام کا البتہ کہنا ہے کہ عبدالمطلب کے پاس امریکہ کا درست ویزہ موجود تھا۔ ڈچ حکام کے مطابق انہوں نے تمام ضروری کارروائی کرلی تھی جبکہ مسافروں کو جہاز پر سوار کرنے کی حتمی کلیئرنس امریکی حکام نے دی تھی۔

Fußballfan auf Reisen
حالیہ واقعے کے بعد تمام بڑے ہوئی اڈوں پو سیکیوریٹی سخت کردی گئی ہے۔تصویر: AP

حالیہ واقعے کا تعلق بائیس دسمبر سن 2001 میں ایک بوئنگ طیارے کو بم سے اڑانے کی ایک کوشش سے بھی جوڑا جارہا ہے۔ اُس واقعے میں مبینہ طورپر القاعدہ سے تعلق رکھنے والے برطانوی شہری رچرڈ ریڈ عرف طارق راجا نے جوتے میں چھپائے گئے بارودی مواد کے ذریعے پیرس سے میامی آنے والی پرواز کو تباہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ دو دن قبل امریکہ میں پیش آنے والے تازہ واقعے کے بعد لندن میں بھی تفتیش کی گئی ہے۔ عبدالمطلب سال 2005 تا 2008 لندن میں مکینکل انجینیرنگ کا طالب علم رہا۔

نائجیریا کے اخبار This Day نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ دہشت گرد کے مالدار والد عبد المطلب نے رواں سال کے وسط میں اپنے بیٹے کے مذہبی انتہا پسندی کے رجحان بابت امریکی حکام سے رابطہ کیا تھا۔ ڈیٹرائٹ واقعے کے بعد دنیا بھر کے تمام بڑے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ امریکی حکام نے البتہ کہا ہے کہ صورتحال اتنی تشویشناک نہیں کہ فضائی خطرے کی سطح کے درجے کو اورنج سے سرخ یا Red میں تبدیل کردیا جائے۔

رپورٹ : شادی خان

ادارت : عابد حسین