1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جو بائی ڈن: باراک اوبامہ کےساتھ نائب صدارت کے اُمید وار

24 اگست 2008

سن دو ہزار آٹھ کی امریکی صدارتی الیکشن کے سلسلے میں جاری انتخابی مہم میں نیا جوش اور ولولہ نائب صد کے ناموں سے جڑا تھا۔ اب ڈیمو کریٹ صدارتی امیدوار باراک اوبامہ نے اپنے نائب صدر کے نام کا اعلان کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/F3i8
امریکی سینیٹر جوزف بائی ڈن ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار باراک اوبامہ کے نائب صدر ہوں گے۔تصویر: AP

امریکہ میں امسالہ صدارتی انتخابات میں ڈیمو کریٹ پارٹی کے اُمیدوار باراک اوبامہ نے اپنے نائب صدر کے اُمیدوار کا اعلان کردیا ہے۔ تجربہ کار سیاستدان اور سینیٹر جوزف بائی ڈن اِس سال کی صدارتی مہم میں اُن کے ساتھ ساتھ بطور نائب امیدوار کے شریک ہیں۔ اِس کا اعلان باراک اوبامہ نے اپنی ویب سائٹ پر کیا جو بعد میں موبائل فون پر ٹیکسٹ میسج کے طور پر جاری کئے گئے۔

Obama Veepstakes Biden
امریکی صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار باراک اوبامہ (دائیں جانب) اپنے نائب صدر امیدوار سینیٹر جوزی بائی ڈن کے ساتھتصویر: AP

ماہرین کا خیال ہے کہ باراک اوبامہ نے جوزف بائی ڈن کا انتخاب کر کے اپنے کمزور پہلُو یعنی خارجہ پالیسی کو چھپانے کی کو شش کی ہے۔ میڈیا کا خیال ہے کہ اوبامہ فارن پالیسی کے محاذ پر بھر پور انداز میں اپنے خیالات کی ترجمانی کرنے سے قاصر نظر آتے ہیں اور اِسی تناظر میں جو بائی ڈن کا انتخاب کیا گیا کیونکہ وہ خارجہ پالیسی کے ماہر تصور کئے جاتے ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اوبامہ کی صدارتی مہم میں جو بائی ڈن کا کردار کمانڈرانچیف کا ہو گا جو کئی محاذوں پر صدارتی امیدوار کی معاونت کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

ڈیمو کریٹ پارٹی کے پرائمریز میں جو بائی ڈن بھی صدارتی امیدوار بننے کی خواہش کے ساتھ شامل ہوئے تھے مگر شروع ہی میں وہ اوبامہ سے شکست کھانے کے بعد امیدوار بننے کی دوڑ سے باہر ہو گئے تھے۔ اِس سے پہلے سن دو ہزار چار اور سن اُنیس سو اٹھاسی میں بھی بائی ڈن نے صدارتی امیدوار بننے کی کوشش کی تھی مگر تب بھی بات اُدھوری رہی تھی۔

وہ سن اُنیس سو بہتر سے سینٹ کے رُکن چلے آ رہے ہیں اور اِس مناسبت سے اُن کو اقتدار کے ایوانوں کے اندر کی صورت حال سے آگہی ہے۔ امریکی ایوانِ بالا یعنی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کی تین بار سربراہی کر چکے ہیں۔ اُن کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ امریکی خارجہ پالیسی کی گہری سمجھ بوجھ رکھتے ہیں اور اگر اوبامہ انتخاب جیت گئے تو اگلے برسوں میں خارجہ پالیسی کی نوک پلک بھی وہی سنواریں گے۔ وہ سینٹ کی عدالتی کمیٹی کے بھی کئی برس رُکن رہے ہیں۔ خاندانوں کی جانب سے ہونے والے جرائم اور خواتین پر مظالم کے حوالے سے دستوری اصلاحات میں بھی وہ پیش پیش تھے۔ اُن کی شہرت کی ایک اور وجہ اُن کا شاندار اور زوردار مقرر ہونا بھی ہے۔

Bildgalerie USA Wahlen McCain Iran 2
ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار جان مک کینتصویر: AP

جو بائی ڈن بیس نومبرسن اُنیس سو بیالیس میں امریکی ریاست پینسیلوانیا میں پیدا ہوئے تھے۔ اُن کا پورا نام Joseph Robinette Biden ہے مگر عام طور پر جو بائی ڈن کے نام سے پکارے جاتے ہیں۔ عقیدے کے اعتبار سے وہ رومن کیتھولک ہیں۔ وہ نسلی اعتبار سے آئرش ورثے کے حامل ہیں۔ وہ ڈیلاور Delaware یونی ورسٹی کے لاء سکول کے فارغ التحصیل ہیں۔ دورانِ طالب علمی، تاریخ اور پولیٹیکل ساﺍنس اُن کے پسندیدہ مضامین تھے۔

ری پبلکن پارٹی کے اُمیدوار جان مک کین کی جانب سے بھی نائب صدر کا اعلان ہونا باقی ہے۔ گمان کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی سالگرہ کے دن یعنی اُنتیس اءست کو یہ اعلان کر سکتے ہیں۔