جنوبی لبنان میں اسرائیل کی فوجی کاروائی کا دائرہ وسیع
1 اگست 2006اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں 30 کلو میٹر کی حدود کے اندر اندر تمام دیہات خالی کرنے کابھی حکم دے دیا ہے۔ سرحدی علاقے میں تعینات اقوام متحدہ کی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج ظہر کے بعد سرحد کے مرکزی سیکٹر عائطہ اَش شاب میں داخل ہو گئی ہے۔اوراس کی حزب اللہ ملیشیا کے ساتھ شدید جنگ جاری ہے۔
اسرائیلی فضائیہ نے آج لبنان کے شیعہ دیہاتوں پر بم برسانے کے ساتھ ساتھ حزب اللہ کے مراکز اور بحیرہ روم کے ساحلی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ ادھر حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ کفر کلا کے علاقے میں اس کے جنگجووں اور اسرائیل کی زمینی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
اسرائیلی فوج نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ بنت جبیل کے قریب حزب اللہ کے جنگجووں کے ساتھ شدید لڑائی ہو رہی ہے۔اسرائیلی کابینہ کے ایک وزیر کا کہنا ہے کہ نہ تو اسرائیل کی فضائیہ اور نہ ہی زمینی فوج حزب اللہ کی میزائل فائر کرنے کی صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کر سکتی ہے۔