1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی بیروت کے لوگوں کو اسرائیل کا انتباہ

3 اگست 2006

اسرائیل نے جنوبی بیروت کے باشندوں کو خبردار کیا ہے کہ اس علاقے میں کسی وقت بھی بمباری ہو سکتی ہے لہٰذا علاقے کو خالی کر دیا جائے۔

https://p.dw.com/p/DYKR
تصویر: picture-alliance/ dpa


اسرائیل کی شدید گولہ باری اور فضائی حملوں کے باعث جنوبی لبنان کے اہم شہر ٹائر اور اطراف کے علاقوں میں امدادی کاروائیاں تقریبا معطل ہو کر رہ گئی ہیں۔اس وقت جنوبی لبنان میں ہزاروں اسرائیلی فوجیوں اور حزب اللہ ملیشیا کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے اٹھنے والے دھوئیں کے بادلوں کی وجہ سے ہمیں مرنے والوں اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کا اندازہ نہیں ہو پا رہا۔ ادھر آج اسرائیلی طیاروں نے جنوبی بیروت میں بین الاقوامی ائر پورٹ کے قریب ہنڈبل گرا کر عوام پر زور دیا ہے کہ وہ علاقہ خالی کر دیں۔

دوسری طرف آئندہ چند روز میں اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں 15 کلومیٹر کے اندر سیکورٹی زون بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق 6 سے 7 کلو میٹر کے اندر 20 دیہاتوں پر فوج کا قبضہ مکمل ہو چکا ہے اور ہم آئندہ چند دنوں میں پندرہ کلومیٹر کا علاقہ بالکل صاف کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

دریں اثنا آج ملیشیا میں اسلامی ممالک کی سب سے بڑی تنظیم OIC کے ہنگامی اجلاس میں اقوام متحدہ سے لبنان میں فوری اور بھرپور طریقے سے جنگ بندی پرعمل درآمد کرنے اور اسرائیل کے مجرمانہ کردار کی تحقیقات کرانے کا پر زور مطالبہ کیا گیا ہے۔