1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی افریقہ میں انگلینڈ کی ایک صفر سے برتری

30 دسمبر 2009

انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 98 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/LHPH
تصویر: AP

جنوبی افریقی شہر ڈربن میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلش اسپنر گریم سُوان نے کل نو وکٹیں حاصل کیں، وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جنوبی افریقی ٹیم ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 133کے معمولی سکور پر آوٴٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 343 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 574 رنز کا بڑا سکور کھڑا کیا اور نو وکٹوں پر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی۔

انگلینڈ کے دو آوٴٹ آف فارم بیٹسمینوں، ائن بیل اور الیسٹر کوک، نے ڈربن ٹیسٹ میچ میں شاندار سنچریاں سکور کیں۔ ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور نے ٹیسٹ سے پہلے ان دونوں بلے بازوں پر اپنا بھرپور اعتماد ظاہر کیا تھا۔

سینچوریئن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلش بولر سٹیورٹ براڈ نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں پر مبنی اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ سینچوریئن میں کھیلا گیا تھا، جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔ تیسرا ٹیسٹ تین جنوری کو کیپ ٹاوٴن میں شروع ہو گا۔

رپورٹ: خبررساں ادارے/ گوہر نذیر

ادارت : افسر اعوان