جنسی تعلق سے چوبیس گھنٹے پہلے پولیس کو بتانا لازمی
25 جنوری 2016لندن سے پیر پچیس جنوری کے روز موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق ’جنسی جرائم کے ارتکاب کے خلاف عبوری طور پر جاری کردہ یہ عدالتی حکم‘ چار ماہ کے عرصے کے لیے مؤثر رہے گا اور اس کا اطلاق ایک ایسے ملزم پر ہو گا، جس کے خلاف مقدمے کی اگلی سماعت کے لیے چار مہینے بعد کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
برطانوی پولیس نے اس مقدمے سے متعلق کوئی بھی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا ہے اور قانونی وجوہات کے باعث یہ بھی ظاہر نہیں کیا گیا، کہ جس ملزم کو عدالت نے یہ عبوری حکم سنایا ہے، اس کا نام کیا ہے یا وہ کہاں کا رہنے والا ہے؟
ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ اس ملزم کے خلاف عدالت نے ’جنسی جرم کے خطرے کے سبب جو عبورعی حکم‘ سنایا ہے، وہ عام طور پر اس وقت سنایا جاتا ہے، جب کسی فرد کو عدالت نے کسی جنسی جرم کا مرتکب تو قرار نہ دیا ہو لیکن پولیس کا اس کے بارے میں شدید شبہ ہو کہ وہ جنسی حوالے سے عام شہریوں کے لیے خطرہ ہے۔
انگلینڈ میں یہ فیصلہ یارک کاؤنٹی کے مجسٹریٹ کی عدالت نے شمالی یارک شائر پولیس کی درخواست پر سنایا۔ فیصلے کے مطابق اس ملزم کی جائز جنسی سرگرمیوں کو محدود کرتے ہوئے اور انہیں قانون کی نگرانی میں لاتے ہوئے اسے پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ جب بھی کسی خاتون کے ساتھ جسمانی رابطے کا ارادہ رکھتا ہو، اسے پولیس کو چوبیس گھنٹے پہلے اس کی باقاعدہ اطلاع دینا ہو گی۔
عدالتی حکم کے مطابق ملزم کو پولیس کو بتانا ہو گا کہ وہ جس خاتون کے ساتھ جنسی رابطہ قائم کرنے والا ہے، اس کی عمر، نام اور پتہ کیا ہیں؟ اگر ملزم نے اس حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع نہ کی یا نامکمل معلومات فراہم کیں، تو اسے فوراﹰ جیل بھیجا جا سکے گا۔
نارتھ یارک شائر پولیس کے مطابق عدالت نے یہ حکم اس لیے جاری کیا ہے کہ ملزم کی طرف سے کسی خاتون یا لڑکی کے خلاف ممکنہ جنسی جرم کا قبل از وقت تدارک کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ اگر چار ماہ کے اس عرصے میں ملزم انٹرنیٹ استعمال کرنا چاہے، تو اسے صرف وہ سافٹ ویئر استعمال کرنے کی اجازت ہو گی، جس پر پولیس کی بھی نظر ہو گی۔ اس طرح ملزم کو آن لائن جنسی جرائم کے ممکنہ ارتکاب سے بھی روکا جا سکے گا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ اس برطانوی ملزم کو انٹرنیٹ تک رسائی کے عمل میں پولیس کی کڑی نگرانی سے صرف ایک صورت میں استثنیٰ حاصل ہو گا، صرف اس وقت جب وہ برطانوی دفتر روزگار کی ویب سائٹس کے ذریعے اپنے لیے کوئی ملازمت حاصل کرنے کی آن لائن کوشش کرے گا۔