1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن کھلاڑی زابینے لیسیکی فرنچ اوپن سے باہر

26 مئی 2011

ٹینس کی جرمن خاتون کھلاڑی زابینے لیسیکی فرنچ اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں خرابی صحت کے باعث شکست سے دوچار ہو گئیں۔ انہیں روسی کھلاڑی Vera Zvonareva نےچار چھ ، سات پانچ اور سات پانچ سے ہرایا۔

https://p.dw.com/p/11ONn
زابینے لیسیکیتصویر: picture-alliance / dpa

شکست کے بعد روتی ہوئی زابینے لیسیکی کو اسٹریچر پر لٹا کر کورٹ سے باہر لایا گیا۔ سابق عالمی نمبر 22 لیسیکی نے کھیل کے آغاز میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور پہلے سیٹ میں اپنی حریف کھلاڑی کو باآسانی ہرا دیا۔ تاہم بعد ازاں دوسرے سیٹ کے دوران ان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں کورٹ میں ہی طبی امداد دی گئی۔

کھیل کے درمیان ڈاکٹر ان کا بلڈ پریشر چیک کرتے رہے تاکہ خطرے کی صورت میں انہیں کھیلنے سے منع کر دیا جائے۔ دو گھنٹے اور چالیس منٹ کےاس طویل میچ میں بیمار لیسیکی نے ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن وہ یہ مقابلہ ہار گئیں۔ جب انہوں نے میچ کا آخری پوائنٹ بھی مس کر دیا تو وہ نقاہت کے باعث کورٹ میں ہی گر گئیں اور انہیں اسٹریچر پر ڈال کر کورٹ سے باہر لایا گیا۔

Sabine Lisicki Flash-Galerie
شکست کے بعد روتی ہوئی زابینے لیسیکی کو اسٹریچر پر لٹا کر کورٹ سے باہر لایا گیاتصویر: picture-alliance/ dpa

کھیل کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیسیکی کی حریف کھلاڑی Vera Zvonareva نے کہا،’ کھیل میں کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے۔ یہ کھیل کا ایک حصہ ہے۔ جو کچھ بھی ہوا، لیکن مجھے اپنا کھیل جاری رکھنا تھا‘۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ لیسیکی اب بہتر محسوس کر رہی ہوں گی۔

تیسرے راؤنڈ میں آسٹریلوی کھلاڑی Anastasia Rodionova کے مد مقابل آنے والی روسی کھلاڑی نے مزید کہا کہ اس میچ کے دوران وہ کچھ خوش نصیب رہیں۔ گزشتہ برس ومبلڈن اور یو ایس اوپن میں فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی Zvonareva اس سیزن میں کوئی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائی ہیں۔ ناقدین کے بقول ان کا یہ میچ انتہائی اہم تھا لیکن لیسیکی کی ناسازی طبیعت کے باعث وہ اگلے راؤنڈ میں کوالیفائی کر گئی ہیں۔

فرنچ اوپن ٹورنامنٹ کے منتظمین نے بتایا ہے کہ لیسیکی کا مکمل معائنہ کروایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آج جمعرات کے دن ان کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں