1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن کامیڈی فلم یورپی فلم ایوارڈز کی بڑی فاتح

علی کیفی
11 دسمبر 2016

جرمنی اور آسٹریا کے باہمی اشتراک سے بننے والی مزاحیہ فلم ’ٹونی ایرڈمان‘ نے امسالہ یورپی فلم ایوارڈز میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ پولینڈ کے شہر وروسلاو میں منعقدہ تقریب کے دوران اکٹھے پانچ ایوارڈ اس فلم کے حصے میں آئے۔

https://p.dw.com/p/2U5vu
Toni Erdmann Filmstill Sandra Hüller
تصویر: picture-alliance/dpa/Komplizen Film

یہ سالانہ ایوارڈز یورپی آسکر بھی کہلاتے ہیں۔ ہفتہ دَس دسمبر کی شب منعقدہ تقسیمِ انعامات کی تقریب میں مارین آڈے کی لکھی ہوئی اور اُنہی کی ہدایات میں بنی فلم ’ٹونی ایرڈمان‘ کو بہترین یورپی فلم کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ فلم ایک باپ بیٹی کی داستان پر مشتمل ہے۔ اس سال یہ فلم  اور بھی متعدد بین الاقوامی اعزازات کے لیے نامزد ہوئی۔

 مارین آڈے کو بہترین یورپی ڈائریکٹر اور اسکرین رائٹر کے ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ فلم ’ٹونی ایرڈمان‘ میں ہیروئن کا کردار نبھانے والی اداکارہ زاندرا ہیولر نے بہترین یورپی اداکارہ کا اعزاز سمیٹا جبکہ ٹونی ایرڈمان کا مرکزی کردار نبھانے والے اداکار پیٹر زیمونی شیک کو بہترین یورپی اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

Europäischer Filmpreis 2016 Breslau - Maren Ade
جرمن خاتون ڈائریکٹر مارین آڈے نے اکٹھے دو یورپی ایوارڈ جیتے، بہترین ڈائریکٹر کا اور بہترین اسکرین رائٹر کاتصویر: picture alliance/dpa/M. Kulczynski

بہترین فلم کے شعبے میں فلم ’ٹونی ایرڈمان‘ کا مقابلہ فرانس اور جرمنی کے اشتراک سے بننے والی فلم ’اَیلے‘، اسپین کی فلم ’جولیئیٹا‘، آئر لینڈ کی فلم ’رُوم‘ اور اس سال فرانس کے کان میلے میں گولڈن پام کا اعزاز جیتنے والی ممتاز برطانوی ڈائریکٹر کَین لوچ کی فلم ’آئی ڈینیئل بلیک‘ سے تھا۔

سویڈن اور ناروے کے باہمی اشتراک سے بننے والی فلم ’اے مَین کالڈ اوو‘ نے بہترین یورپی مزاحیہ فلم کا ایوارڈ جیتا۔ یورپی ڈِسکوری ایوارڈ (پری فِپریسکی) جیتنے والی فلم تھی، ’اولی ماکی کی زندگی کا پُر مسرت ترین دن‘۔ فرانس اور سوئٹزرلینڈ کے باہمی اشتراک سے بننے والی فلم ’مائی لائف اَیز اے سُخینی‘ کو بہترین اینیمٹڈ فیچر فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Europäischer Filmpreis 2016 Breslau - Pierce Brosnan
اس تقریب میں آئرش اداکار پیئرس بروسنن کو ورلڈ سینما کے لیے اُن کی خدمات کے بدلے میں یورپی ایوارڈ سے نوازا گیاتصویر: picture-alliance/dpa/M. Kulczynski

دَس دسمبر ہفتے کے روز منعقدہ تقریب کے میزبانوں نے اپنے سیاسی تبصروں سے اس تقریب کو گرمائے رکھا۔ اُنہوں نے اس دوران مہاجرین کے ساتھ ساتھ روس کو بھی اپنا موضوع بنایا۔ اس موقع پر روسی میوزک بینڈ ’پُسی رائٹ‘ کی جیل جانے والی فنکارہ ماریا الایوخینا نے یوکرائن کے ڈائریکٹر اولیگ سینٹسوف کی رہائی کی اپیل بھی کی۔ سینٹسوف روس میں دہشت گردی کے الزام میں بیس سال کی سزائے قید بھگت رہے ہیں تاہم اس روسی فنکارہ کا کہنا تھا کہ ان الزامات کے پیچھے سیاسی محرکات کارفرما ہیں۔